گرہ مٹ، بدنی خیل پہاڑپور اور کوٹلہ سیدان میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 3نوجوان جاں بحق جبکہ 2زخمی ہوگئے، الگ الگ مقدمات درج ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ چودھوان میں گرہ مٹ چودھوان کے رہائشی گلستان ولد عیسی خان نے قتل کی دفعہ کے تحت رپورٹ درج کرائی ہے کہ ملزمان عبدالرشید ولد رمضان ، رفیع اللہ ولد ابراہیم سکنائے گرہ مٹ نے میرے بیٹے 28سالہ رضوان پر حمید اعوان کی اراضی واقع گرہ مٹ میں فائرنگ کی ، جس سے میرا بیٹا موقع پر جاں بحق ہوگیا، وجہ تنازعہ معلوم نہیں ہے۔ دوسرے واقعہ میں تھانہ شہید نواب کی حدود میں علاقہ بدنی خیل میں سابقہ قتل مقاتلے کی دشمنی کی بنا پر ملزمان کرمان اللہ عرف توری ولد شیرین ، گلزمان عرف لٹو، سیدزمان عر ف گنجو پسران غلمائے ، فرمان اللہ عرف کوبرا، عزیز الرحمن عرف آپہ ولد مستی جان ، اکرام اللہ ولد غلام سرور سکنائے بدنی خیل نے محمد جمشید ولد علی محمد، میرے بھائی 25سالہ مشتاق احمد، سعد اللہ ولد حبیب اللہ سکنائے بدنی خیل پر فائرنگ کردی، فائرنگ سے لگ کر مشتاق احمد موقع پر جاں بحق ہوگیاجبکہ دیگر دو افراد خوش قسمتی سے بچ گئے،تیسرے واقعہ میں علاقہ پہاڑ پور میں مبینہ طور پر دوستی سے انکار پر 16سالہ ابراہیم ولد حمید اللہ کو فائرنگ کرکے قتل کردیاگیا۔چوتھے واقعہ میں تھانہ ڈیرہ ٹائون کی حدود ضمیر آباد مریالی کے رہائشی منیب اللہ ولد نصر اللہ نے رپورٹ درج کرائی ہے کہ میں اور 34سالہ محمود خان ولد عبدالحق سکنہ ژوب حال قریشی موڑآرہے تھے کہ کوٹلہ سیدان کے قریب پیٹرول پمپ پر پیٹرول پمپ کے سیکورٹی گارڈ رفیع اللہ نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر ہم پر فائرنگ کر دی، جس لگ کر ہم دونوں زخمی ہوگئے۔







