ایبٹ آباد کے نواحی گاؤں چھونا میں بجلی کے پول میں مبینہ طور پر کرنٹ آنے کے باعث 20 سالہ نوجوان ندیم ولد جاوید جاں بحق ہو گیا۔اہلِ علاقہ کے مطابق ندیم اپنے گھر جا رہا تھا کہ راستے میں بجلی کے ایک پول کو چھونے یا اس کے قریب آنے کے دوران کرنٹ لگنے سے شدید زخمی ہو گیا، اسے فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔مقامی افراد کا الزام ہے کہ مذکورہ پول میں کرنٹ ہونے کے بارے میں متعلقہ واپڈا حکام کو متعدد بار آگاہ کیا گیا تھا مگر شکایات کے باوجود مسئلہ حل نہیں کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک قیمتی انسانی جان ضائع ہو گئی۔ اہلِ علاقہ کے مطابق جاں بحق ہونے والا ندیم اپنے خاندان کا واحد کفیل تھاجس کی وفات سے اہل ے خانہ شدید صدمے سے دوچار ہیں۔علاقہ مکینوں نے واقعے کی فوری شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر متعلقہ حکام بروقت حفاظتی اقدامات کرتے تو یہ افسوسناک سانحہ پیش نہ آتا۔ انہوں نے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی اور علاقے میں بجلی کے تمام خطرناک پولز کا فوری معائنہ اور مرمت کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔







