چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دو روزہ سرکاری دورہ ترکیہ کے دوران انقرہ میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے اہم ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ترک ایوانِ صدر کے مطابق ملاقات انقرہ ایئرپورٹ پر ہوئی، جہاں صدر اردوان قطر کے سرکاری دورے پر روانگی سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملے۔ ملاقات میں ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوق بائر اکتاراولو اور قومی انٹیلی جنس ادارے (ایم آئی ٹی) کے سربراہ ابراہیم قالن بھی شریک تھے۔سرکاری ذرائع نے ملاقات کی اندرونی تفصیلات جاری نہیں کیں تاہم سفارتی اور دفاعی حلقوں کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان پاک۔ترک دفاعی تعاون، دفاعی صنعت میں اشتراک، علاقائی سلامتی، مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں، دونوں ممالک مشترکہ فوجی مشقوں، دفاعی پیداوار، ڈرون ٹیکنالوجی، بحری منصوبوں اور عسکری تربیت سمیت متعدد شعبوں میں قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔اس سے ایک روز قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوق بائر اکتاراولو سے ملاقات کی تھی، جہاں انہیں ترکیہ کی مسلح افواج کے اعلیٰ فوجی اعزاز سے بھی نوازا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان فوجی روابط، دفاعی تعاون اور پیشہ ورانہ اشتراک کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔مبصرین کے مطابق صدر اردوان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات اس امر کی غماز ہے کہ اسلام آباد اور انقرہ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ خطے میں امن، استحکام اور دفاعی تعاون کے فروغ کو بھی مشترکہ ترجیح دے رہے ہیں۔







