اے این پی کے مرکزی سربراہ ایمل ولی خان نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان سے متعلق بیان دیتے ہوئے اپنی ہی جماعت کے رکن اسمبلی ارباب عثمان کو فارم 47 کا رکن قرار دے دیا۔اپنے بیان میں ایمل ولی خان نے کہا کہ پختونخوا اسمبلی میں اگر کوئی ایک رکن ایسا ہے جسے عوام نے حقیقی معنوں میں منتخب کیا ہے تو وہ نثار باز ہیں۔سینیٹر ایمل ولی نے کہا کہ نثار باز کو اس لیے عوام کا نمائندہ قرار دے رہے ہیں کیونکہ ان کا انتخاب ایسے ماحول میں ہوا جہاں عوامی خواہش نظر آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نثار باز کی تقریر یا سیاسی انداز کی وجہ سے نہیں بلکہ ان کے انتخابی عمل کی بنیاد پر یہ بات کر رہے ہیں۔ایمل ولی خان نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے دیگر ارکان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہاں موجود مختلف جماعتوں کے ارکان کے حوالے سے فارم 45 اور فارم 47 کی باتیں اب کوئی ڈھکی چھپی حقیقت نہیں رہیں۔ایمل ولی خان کے بیان کے بعد خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال میں ایک نئی بحث شروع ہو گئی ہے، جہاں انتخابی عمل، فارم 45 اور فارم 47 سے متعلق سیاسی جماعتیں ماضی میں بھی ایک دوسرے پر الزامات عائد کرتی رہی ہیں۔







