ملک میں گندم کی کوئی قلت نہیں، قیمتوں میں مصنوعی اضافے پر کارروائی ہوگی،راناتنویر

وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، رانا تنویر حسین نے کہاہے کہ ملک میں گندم کی کوئی قلت نہیں، قیمتوں میں مصنوعی اضافے اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، رانا تنویر حسین نے ملک میں گندم کی پیداوار، دستیابی، خریداری اور مارکیٹ میں قیمتوں کا جائزہ لینے کے لیے وہیٹ بورڈ کے نویں اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں سیکرٹری وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق، پنجاب اور سندھ کے چیف سیکرٹریز، تمام صوبوں کے سیکرٹریز زراعت اور سیکرٹریز خوراک، وزارت کے سینئر افسران، پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک بھر میں گندم کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی نمائندوں نے متفقہ طور پر اجلاس کو آگاہ کیا کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں اور کسی بھی علاقے میں گندم کی کوئی قلت نہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ یہ ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے کہ رواں سال پاکستان میں گندم کی پیداوار گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 13 لاکھ 60 ہزار میٹرک ٹن زیادہ رہنے کا تخمینہ ہے۔وہیٹ بورڈ نے متفقہ طور پر اس بات پر اتفاق کیا کہ گندم کی متوقع پیداوار کا ہدف حاصل کر لیا گیا ہے اور ملک کے پاس گندم کے خاطر خواہ ذخائر موجود ہیں۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ صوبائی حکومتیں گندم کی مارکیٹ کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنائیں اور مؤثر مارکیٹ مینجمنٹ کے لیے ضروری اقدامات کریں،شرکاء نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان باقاعدہ اور مؤثر رابطے اور ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کے مفادات کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ذخیرہ اندوزی کی روک تھام، مارکیٹ کی مؤثر نگرانی اور صارفین کو مناسب قیمتوں پر گندم کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامی اور قانونی اقدامات کرے گی۔وفاقی وزیر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے کو مزید مؤثر بنائیں، مارکیٹ کی نگرانی کو مضبوط کریں اور گندم کی بلا تعطل فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے یا قیمتوں میں بلاجواز اضافے کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed