محکمہ بہبودِ آبادی ضلع پشاور کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ آبادی کے موقع پر ایک جامع آگاہی سیمینار اور بعد ازاں آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد آبادی میں توازن، خاندانی منصوبہ بندی، ماں اور بچے کی صحت، تولیدی صحت سے متعلق آگاہی اور عوام میں ذمہ دارانہ طرزِ زندگی کے فروغ کے حوالے سے شعور بیدار کرنا تھا۔سیمینار میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر پشاور سمیع اللہ خان خلیل، ماری سٹوپس سوسائٹی کی پراونشل کوآرڈینیٹر روخانہ کور، ارشد خٹک، ڈی ڈی ڈبلیو او نان ٹیکنیکل کاشف فدا، شاہد مراد، راشد خان، رہنما فیملی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر، ماری سٹوپس کے کاشف خان اور ذیشان خان سمیت محکمہ بہبودِ آبادی ضلع پشاور کے فیلڈ اسٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آبادی میں تیزی سے اضافہ ملک کو صحت، تعلیم، روزگار، خوراک، رہائش اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے سنگین چیلنجز سے دوچار کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحت مند، خوشحال اور مضبوط معاشرے کی تشکیل کے لیے متوازن آبادی، صحت مند خاندان اور ذمہ دارانہ والدین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، مقررین نے کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی نہ صرف ماں اور بچے کی بہتر صحت کی ضامن ہے بلکہ خاندان کے معاشی استحکام، بچوں کی معیاری تعلیم اور بہتر مستقبل کے لیے بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تولیدی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق درست معلومات اور معیاری خدمات تک عوام کی رسائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر سمیع اللہ خان خلیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمہ بہبودِ آبادی عوام کو معیاری خاندانی منصوبہ بندی کی سہولیات اور مئوثر آگاہی فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، نجی اداروں اور سول سوسائٹی کے باہمی تعاون سے ہی آبادی میں توازن اور پائیدار ترقی کے قومی اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔سیمینار کے اختتام پر شرکا نے آگاہی ریلی میں بھی بھرپور شرکت کی۔ واک کی قیادت سمیع اللہ خان خلیل، روخانہ کور، کاشف فدا، شاہد مراد، راشد خان، کاشف خان، ذیشان خان اور شمس الرحمن خان نے کی۔ شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر متوازن آبادی، خاندانی منصوبہ بندی، ماں اور بچے کی صحت اور صحت مند معاشرے کے حوالے سے آگاہی پیغامات درج تھے۔پروگرام کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ محکمہ بہبودِ آبادی ضلع پشاور عوام میں شعور اجاگر کرنے، خاندانی منصوبہ بندی کی معیاری سہولیات کی فراہمی اور صحت مند، خوشحال اور متوازن معاشرے کے قیام کے لیے اپنی آگاہی مہم اور خدمات کو مزید مثر انداز میں جاری رکھے گا۔






