جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے پشاورہائیکورٹ کے 4 ایڈیشنل ججز کی مستقلی کیلئے اجلاس طلب کرلیا ہے ۔ اس ضمن میں جاری مراسلہ کے مطابق جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں20جولائی کوسپریم کورٹ آف پاکستان میں منعقد ہوگا، اجلاس کے ایجنڈے میں پشاورہائیکورٹ کے 4ایڈیشنل ججزکی مستقل ہونے سے متعلق کنفرمیشن شامل ہے جبکہ جوڈیشل کمیشن کے تمام ممبران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اجلاس میں شرکت یقینی بنائے۔ جوڈیشل کمیشن کے ممبران میں پشاورہائیکورٹ کے چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ، سینئرپیونی جج اعجاز انورکے علاوہ سپریم کورٹ کے ججز، پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان ،پاکستان بارکونسل کے ممبر محمد احسن بھون،کے پی بارکونسل کے ممبر احمد فاروق خٹک، صوبائی وزیر کے پی آفتاب عالم آفریدی ودیگر شامل ہیں۔







