الخدمت فائونڈیشن کے بنو قابل پروگرام کے تحت پشاور پریس کلب کے اراکین کے بچوں کے لیے خصوصی انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کورسز کی کلاسز کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ کلاسز کے پہلے روز پریس کلب کے ممبران کے بچوں اور بچیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔واضح رہے کہ کلاسز کے آغاز سے متعلق معمولی غلط فہمی پیدا ہو گئی تھی، تاہم بعد میں اس کی وضاحت کر دی گئی۔ بعد ازاں الخدمت فائونڈیشن کی جانب سے باقاعدہ پریس ریلیز جاری کی گئی، جس میں اعلان کیا گیا کہ کلاسز پیر کے روز سے شروع ہوں گی۔

اسی اعلان کے مطابق پیر کے روز طلبہ و طالبات نے بھرپور انداز میں کلاسز میں شرکت کی۔کلاسز دو شفٹوں میں منعقد کی جا رہی ہیں۔ پہلی شفٹ صبح 9:00 بجے سے 11:00 بجے جبکہ دوسری شفٹ 11:00 بجے سے دوپہر 1:00 بجے تک جاری رہے گی۔ابتدائی دن کنفیوژن کے باعث بعض ممبران کے بچے کلاسز میں شریک نہ ہو سکے، تاہم کل سے باقاعدہ تدریسی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔ کلاسز ہر ہفتے پیر اور منگل کو منعقد ہوں گی۔مزید برآں، آئندہ ہفتے سے طلبہ و طالبات کی حاضری اور رجسٹریشن بائیومیٹرک نظام کے ذریعے یقینی بنائی جائے گی تاکہ شفاف اور منظم طریقے سے حاضری کا ریکارڈ رکھا جا سکے۔اس پروگرام کے تحت آئی ٹی سے متعلق مختلف جدید اور پیشہ ورانہ کورسز کرائے جائیں گے، جنہیں دو سے تین ماہ کے عرصے میں مکمل کیا جائے گا۔ ان کورسز کا مقصد پشاور پریس کلب کے اراکین کے بچوں کو جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مہارتوں سے آراستہ کرنا اور انہیں مستقبل کے روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔







