پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین گل نواز خان آفریدی اور جنرل سیکریٹری بہزاد الرحمان نے حکومت کی جانب سے بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود عوام کو اس کا مکمل ریلیف نہ دینے پر شدید مایوسی اور احتجاج کا اظہار کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کر دے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث عوام کو توقع تھی کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرے گی، مگر ایسا نہ ہونے سے عوام اور کاروباری حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن پاکستان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام تک منتقل کرے تاکہ مہنگائی کے بوجھ میں کمی آئے، ٹرانسپورٹ کے اخراجات کم ہوں اور معیشت کو ریلیف مل سکے۔ پیٹرولیم ڈیلرز نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت ڈیلرز کے طویل عرصے سے زیر التوا مطالبات، خصوصا ڈیلرز کے مارجن میں مناسب اضافے، پر فوری توجہ دے۔ موجودہ معاشی حالات، بڑھتے ہوئے آپریشنل اخراجات، بجلی، تنخواہوں اور دیگر لازمی اخراجات کے باعث موجودہ مارجن پر کاروبار جاری رکھنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام اور ڈیلرز دونوں کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے شفاف اور منصفانہ پالیسی اختیار کی جائے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حقیقی کمی کا فائدہ صارفین تک پہنچایا جائے، اور ڈیلرز کے جائز مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کیا جائے۔ بصورت دیگر ملک بھر کے پیٹرولیم ڈیلرز آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان جلد کریں گے۔ ایسوسی ایشن کی مجلس عاملہ کے چیرمین گل نواز کان آفریدی اور جنرل سیکریٹری بہزاد الرحمان نے مطالبہ کیا کہ ڈیلرزمارجن کو فیصد کیا جاے ، بین القوامی مارکیٹ کے حساب سے قیمتوں کو کم کیا جاے اور آئل کمپنیوں کی بلیک میلنگ سے بچا جاے۔







