سوشل ایکٹوسٹ، براڈکاسٹر، اسپورٹس اینالسٹ اور بلاگر آیاز رضا آفریدی کو متفقہ طور پر خیبر کرکٹ ایسوسی ایشن کا سینئر نائب صدر منتخب کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق جمروڈ اسپورٹس کمپلیکس میں خیبر کرکٹ ایسوسی ایشن کا اجلاس صدر عامر آفریدی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ایسوسی ایشن کے تمام کلب صدور نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شرکا نے آیاز رضا آفریدی کی کرکٹ کے فروغ، کھیلوں کی صحافت اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں متفقہ طور پر سینئر نائب صدر منتخب کیا۔اس موقع پر نومنتخب سینئر نائب صدر آیاز رضا آفریدی نے ایسوسی ایشن کے تمام عہدیداران، کلب صدور اور بالخصوص پیٹرن انچیف حاجی تیمور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ خیبر میں کرکٹ کے فروغ کے لیے وہ پہلے بھی عملی کردار ادا کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ بیس برسوں کے دوران انہوں نے ضلع خیبر کے باصلاحیت کرکٹرز کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کے لیے مسلسل کوششیں کی ہیں، اور مستقبل میں بھی نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور کرکٹ کی ترقی کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔







