کینیڈا کے صوبہ کیوبیک کے ایک چھوٹے سے قصبے نے درختوں کو باقاعدہ طور پر زندہ مخلوق تسلیم کرتے ہوئے انہیں بنیادی حقوق دینے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے ۔ قصبے تیراس وودروئیل کی میونسپل کونسل نے ایک قرارداد منظور کی ہے جس کے تحت درختوں کے حقِ زندگی، قدرتی نشوونما، جسمانی سالمیت اور دوبارہ افزائش کو تسلیم کیا گیا ہے۔غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق اس اقدام کے ساتھ یہ کینیڈا کی پہلی بلدیہ بن گئی ہے جس نے درختوں کے حقوق کے عالمی اعلامیے کی حمایت بھی کی ہے۔ میئر مشیل بوردو کے مطابق درخت انسانی زندگی، ماحولیاتی تحفظ، فضائی آلودگی میں کمی، پانی کے بہتر انتظام اور حیاتیاتی تنوع کے لیے ناگزیر ہیں، اس لیے ان کے تحفظ کو قانونی اور انتظامی سطح پر مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ قرارداد کے بعد مقامی انتظامیہ درختوں کے تحفظ سے متعلق اپنے قواعد و ضوابط کا ازسرنو جائزہ لے گی اور اگر کسی درخت کو کاٹنا ناگزیر ہوا تو اس کے متبادل شجرکاری کو یقینی بنایا جائے گا۔ ماحولیاتی ماہرین نے اس فیصلے کو فطرت کے حقوق کے عالمی تصور کی جانب ایک اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔







