رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کی معطلی ختم کرنے کی تحریک منظور

قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں رکن اسمبلی اقبال آفریدی کی معطلی ختم کرنے کی تحریک منظورہوگئی۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اقبال آفریدی کی معطلی کا معاملہ ایوان میںاٹھاتے ہوئے کہاکہ آپ نے رولز جو بھی بنانے ہیں چاہے سخت ہوں ہم فالو کریں گے۔ بیرسٹر گو نے کہا کہ اقبال آفریدی کی معطلی کے صرف 2 روز باقی رہ گئے ہیں، جب کہ بدھ کو بجٹ کی منظوری ہونی ہے، اس لیے انھیں ایوان میں شرکت کی اجازت دی جائے۔ انھوں نے موقف اختیار کیا کہ کورم کی نشان دہی کرنا ہر رکن کا آئینی اور پارلیمانی حق ہے اور اقبال آفریدی کی معطلی ختم کی جانی چاہیے۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے واضح کیا کہ اقبال آفریدی کو کورم کی نشان دہی پر نہیں بلکہ ان کے رویے کی وجہ سے معطل کیا گیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ اقبال آفریدی نے ڈی جی میڈیا، اسمبلی عملے اور دیگر اراکین کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا تھا، جب کہ بہ طور اسپیکر ان کی ذمہ داری ایوان کے نظم و ضبط اور وقار کو برقرار رکھنا ہے۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ نئے اراکین اسمبلی کو پارلیمانی روایات، ایوانی آداب اور قواعد و ضوابط سے مکمل آگاہی ہونی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ اگر اقبال آفریدی کی جماعت ان کی واپسی چاہتی ہے تو حکومت کو اس پر کوئی اعتراض نہیں اور نہ ہی کسی قسم کی ضمانت درکار ہے۔بعد ازاں بیرسٹر گوہر کی جانب سے پیش کی گئی تحریک ایوان نے منظور کر لی اور اقبال آفریدی کی رکنیت کی معطلی ختم کر دی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed