پشاورسے تعلق رکھنے والے دو کم عمر کھلاڑیوں کی ایشین جونئیر سکواش چیمپئن شپ میں کامیابی کے بعد پشاور سمیت خیبر پختون خوا اور ملک بھر کے اسکواش حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔طویل عرصہ کے بعد پاکستان نے 15 اور17 سال سے کم عمر کھلاڑیوں کی ایشین اسکواش چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چین میں منعقدہ ایشین جونئیر سکواش چیمپئن شپ کی انڈر 15 کیٹگری کے فائنل میں پاکستان کے کم عمر کھلاڑی احمد ریان خلیل جن کاتعلق پشاور سے ہے نے ملائشیا کے ودوران روتھران کو فائنل میں تین صفر کے اسکور سے ہرا کر ایشین انڈر15 چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔17 سال سے کم عمر کھلاڑیوں کی کیٹگری میں پاکستان کے نعمان خان نے بھارت کے شیون اگروال کو تین صفر سے ہرا کر انڈر17 ایشین چیمپئن کا گراں قدر اعزاز اپنے نام کر لیا۔

انفرادی مقابلوں میں پاکستان نے دو گولڈ میڈلز جیتے۔دریں اثنا سابق عالمی چیمپئن قمر زمان اور خیبر پختون خو اا سکواش ایسوسی ایشن کے صدر داد خان نے پشاور سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی ایشین جونئیر سکواش چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ داد خان نے کہا کہ خیبر پختون خواا سکواش ایسوسی ایشن محدود وسائل کے باوجود ماہانہ بنیادوں پر سکواش ٹورنامنٹس کا انعقاد کر رہی ہے تاکہ کھلاڑیوں کو کھیلنے کے بہترین مواقع فراہم کئے جائیں اور یہی وجہ ہے کہ پشاور سے تعلق رکھنے والے دو کم عمر کھلاڑی ایشین چیمپئن بن کر وطن واپس لوٹے ہیں۔ داد خان نے ایسوسی ایشن کے تمام عہدے داروں اور دونوں ایشین چیمپئنز کو ان کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی ہے اور یقین ظاہر کیا ہے کہ دونوںکھلاڑی مستقبل میں بھی کامیابیاں سمیٹیں گے۔ اسکواش کے سابق عالمی چیمپئن قمر زمان نے احمد ریان خلیل اور نعمان خان کی کامیابی کو پاکستان میں اسکواش کے لئے انتہائی اہم قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پشاور میں گرا س روٹ پر کھلاڑیوں کی تربیت کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور انہیں امید ہے کہ پشاور سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی مستقبل میں بھی شاندار پرفارم کریں گے۔ قمر زمان نے کہا کہ صوبائی حکومت کو اسکواش کھیل کی ترقی کے لئے میدان میں آنا ہو گا گذشتہ چھ برسوں سے ایسوسی ایشن کو سالانہ گرانٹ نہیں دی جا رہی اس کے باوجود کھلاڑیوں کا ایشیائی سطح پر سرخرو ہونا کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔قمر زمان نے ایشین چیمپئن بننے والے دونوں کھلاڑیوں کو مبارکباد دی ہے اور س عزم کا اظہار کیا ہے کہ صوبائی سکواش ایسوسی ایشن اپنے صدر داد خان کی قیادت میں کم عمر کھلاڑیوں کی ٹریننگ اور کوچنگ کا سلسلہ جاری رکھے گی۔







