پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما عمران راجپوت اور محمد ریحان نے پاکستان مسلم لیگ میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر لی۔ اس سلسلے میں دونوں رہنماں نے پاکستان مسلم لیگ خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر انتخاب خان چمکنی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور پارٹی رکنیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ضلع پہاڑپور کے صدر خان محمد وزیر بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال، عوامی مسائل اور پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔عمران راجپوت اور محمد ریحان نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کی قیادت ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے انتخاب خان چمکنی کی سیاسی بصیرت، عوامی خدمات اور متحرک قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کے منشور کو گھر گھر پہنچانے اور تنظیم کو مزید فعال بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر صوبائی صدر انتخاب خان چمکنی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے دونوں رہنماں کو پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں شامل ہونے والے نئے ساتھی تنظیم کے لیے قیمتی اثاثہ ہیں۔ ان کی شمولیت سے خیبر پختونخوا بالخصوص جنوبی اضلاع میں پاکستان مسلم لیگ مزید مضبوط اور فعال ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ عوامی خدمت، جمہوری اقدار اور قومی ترقی کے ایجنڈے پر یقین رکھتی ہے۔







