)جامعہ پشاورکفایت شعاری مہم کے دوبارہ شروع ہونے پر اہم فیصلے، مالی چیلنجز سے نمٹنے اور اخراجات میں کمی لانے کے لیے اہم اور غیر معمولی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔جامعہ کے وائس چانسلر نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنی تنخواہ سے ماہانہ 20 ہزار روپے سرکاری گاڑی کے استعمال کی مد میں خود کٹوتی کریں گے۔ یہ اقدام یونیورسٹی میں کفایت شعاری پالیسی کے تحت کیا گیا ہے۔جامعہ پشاورکفایت شعاری مہم کے حوالے سے وی سی کی زیر صدارت ڈینز کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جامعہ کی تمام سرکاری گاڑیوں کو مرکزی ٹرانسپورٹ پول میں شامل کیا جائے گا۔اس حوالے سے جاری آفس آرڈر میں بتایا گیا ہے کہ تمام ڈینز دفاتر کی گاڑیاں مرکزی نظام میں شامل ہوں گی ، تدریسی شعبہ جات اور انسٹی ٹیوٹس کی گاڑیاں بھی پول کا حصہ ہوں گی ، اور گاڑیوں کے استعمال اور نگرانی کا نظام مرکزی سطح پر منظم ہوگا ۔اجلاس میں جامعہ کی مالی صورتحال، بڑھتے ہوئے انتظامی اخراجات اور وسائل کے مثر استعمال پر تفصیلی غور کیا گیا۔اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ معاشی حالات میں مالی نظم و ضبط کو بہتر بنا کر تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں کو متاثر ہونے سے بچایا جائے۔







