پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو نے پاک چین دوستی میں ڈریگن بوٹ فیسٹویل کے یادگار انعقاد کا ایک نیا باب رقم کر دیا ۔دریائے کابل میں سردریاب کے مقام پر پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار منعقد ہونے والی کشتیوں کی ریس خیبر پختونخوا پولیس کی ٹیم اور چاسدہ نے مشترکہ طور پر جیت لی۔سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کی ٹیم دوسرے جبکہ پشاور ہائی کورٹ کی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی ۔دریائے کابل کے پانیوں پر پہلی بار چینی ثقافت کے رنگ بکھر گئے، جہاں ڈریگن بوٹ فیسٹیول نے کھیل، ثقافت اور پاک چین دوستی کو ایک ہی پلیٹ فارم پر یکجا کر دیا۔وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے ثقافت و سیاحت ملک عدیل اقبال مہمان خصوصی تھے،صوبائی وزراء فضل شکور ‘اختراللہ جان کے علاوہ اراکین صوبائی اسمبلی ،ڈپٹی کمشنر چارسدہ عظمت اللہ وزیر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چارسدہ مس رینا عباسی، ڈائریکٹرکلچر اینڈ ٹورازم مس حلیمہ اقبال اور ہزاروں شائقین نے تاریخی ایونٹ دیکھا۔

ایونٹ کیلئے ڈسٹرکٹ انتظامیہ نے سیکورٹی سمیت کشتی رانوں کی حفاظت کیلئے شاندار انتظامات کئے تھے۔فیڈرل کانسٹیبلری کے بینڈ نے فضا میں پاک چین دوستی کے گیتوں کی دھنیں بکھیریں اور ایف سی جوانوں نے خٹک ڈانس کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ڈریگن بوٹ فیسٹویل کو یادگار بنا دیا۔ دوسری جانب رنگ برنگی کشتیوں، ڈھول کی تھاپ اور کشتی رانوں کے پرجوش نعروں نے شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کئے رکھی۔مقابلوں میں سو سے زائد کشتی رانوں نے حصہ لیا جنہیں مختلف ٹیموں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ تیز رفتاری سے آگے بڑھتی کشتیوں اور ٹیم ورک کے شاندار مظاہرے نے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔ خواتین کشتی رانوں کی شرکت بھی فیسٹیول کی نمایاں خصوصیت رہی،چینی مہمانوں نے بھی ڈریگن بوٹ فیسٹویل دیکھا جسے حاضرین نے بھرپور انداز میں سراہا۔

یہ بھی پہلا موقع تھا جب خواتین کی بڑی تعداد نے کشتیوں کی ریس میں حصہ لیا۔فیسٹیول دیکھنے کیلئے شہریوں، نوجوانوں کی بڑی تعداد دریائے کابل کے کنارے موجود رہی۔ تقریب کے اختتام پر وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ثقافت و سیاحت ملک عدیل اقبال نے کامیاب ٹیموں میں ٹرافیاں، میڈلز اور نقد انعامات تقسیم کئے۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ چائنہ ونڈو پشاور اور خیبر پختونخوا میں پاک چین دوستی کا ایک قابل زکر مرکز بن گیا ہے جس کا اندازہ اس امر سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ دریائے کابل میں ڈریگن بوٹ فیسٹویل کا انعقاد کیا گیا جس سے نہ صرف صوبے کا سافٹ امیج چین سمیت دنیا بھر کے سامنے رکھا گیا گیا بلکہ یہ ایونٹ مستقبل میں سیاحوں کی دلچسپی کا بھی باعث بنے گا۔


ملک عدیل اقبال نے کہاکہ پاک چین دوستی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ڈریگن بوٹ فیسٹویل کے کامیاب انعقاد پر وہ چائنہ ونڈو کے منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ یہ فیسٹویل ہر سال باقاعدگی کے ساتھ منعقد کیا جائے گا۔ چائنہ ونڈو کے ایڈمنسٹریٹر امجد عزیز ملک کا کہنا تھا کہ ڈریگن بوٹ فیسٹیول نہ صرف چین کی قدیم ثقافتی روایت کو پاکستان میں متعارف کرانے کا ذریعہ بنا بلکہ اس نے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ کامیاب انعقاد کے بعد اسے آئندہ برسوں میں بھی باقاعدگی سے منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔انہوں نے مقابلوں کے انعقاد پر ضلعی انتظامیہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔









