وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل چائنہ محمد طارق وزیر کا چائنہ ونڈو کا دورہ

پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل(چائنہ )محمد طارق وزیرنے پشاور میں قائم جدید چینی ثقافتی و معلوماتی مرکزچائنہ ونڈو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک چین عوامی روابط کے فروغ اور دونوں ممالک کی تاریخی دوستی کو مضبوط بنانے میں ادارے کے نمایاں کردار کو سراہا۔اپنے دورے کے دوران محمد طارق وزیر نے چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریوں کا معائنہ کیا، جہاں چین کی تاریخ، ثقافت، سائنسی و تکنیکی ترقی، سیاحت، تعلیم اور پاک چین دوستی کے مختلف پہلوؤںکو پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے گیلریوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے عوام کو چین کی عظیم تہذیب اور جدید کامیابیوں سے روشناس کرانے کی کوششوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
ڈائریکٹر جنرل نے چائنہ ونڈو کی فرینڈشپ وال پر دست خط کئے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے خیالات درج کرتے ہوئے اس ثقافتی مرکز کے قیام کے پیچھے موجود وژن اور لگن کو سراہا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چائنہ ونڈو کا دورہ کرکے انہیں بے حد خوشی اور مسرت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس ادارے کے بارے میں پہلے بھی بہت کچھ سن چکے تھے، تاہم آج اسے قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔انہوں نے منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چائنہ ونڈو واقعی متاثر کن ہے۔ چائنہ ونڈو نے پاک چین دوستی کے فروغ میں غیر معمولی خدمات انجام دی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ آنے والے برسوں میں اس کا کردار مزید اہمیت اختیار کرے گا۔

محمد طارق وزیر نے کہا کہ پشاور میں چائنہ ونڈو جیسے ادارے کی اشد ضرورت تھی اور اس کے قیام نے ثقافتی سفارت کاری اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کے حوالے سے ایک اہم خلا ء کو پر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پشاور میں اس نوعیت کے ادارے کی ہمیشہ ضرورت محسوس کی جاتی رہی ہے۔ ہمارا یقین ہے کہ اس کی سرگرمیوں کو مزید وسعت دی جانی چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ چین اور پاک چین دوستی کے بارے میں آگاہی حاصل کرسکیں۔ڈائریکٹر جنرل نے اس بات پر زور دیا کہ ثقافتی تبادلے اور عوامی سطح پر روابط پاک چین تعلقات کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے وزارتِ خارجہ کی جانب سے چائنہ ونڈو کی انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ایسے مشترکہ اقدامات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جو دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں معاون ثابت ہوں۔

انہوں نے وزارتِ خارجہ اور حکومتِ پاکستان کی جانب سے منتظمین کو یقین دلایا کہ اس نوعیت کے تعاون نہایت اہم ہیں۔ ہم مختلف پلیٹ فارمز پر پاک چین تعاون کو فروغ دینے اور سہولت فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ تاہم چائنہ ونڈو جیسے ادارے خصوصی اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ یہ براہِ راست دونوں ممالک کے عوام کو جوڑتے اور باہمی سمجھ بوجھ کو فروغ دیتے ہیں۔دوطرفہ تعلقات کے مستقبل کے حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کا تعاون جاری رکھیں گے اور چائنہ ونڈو جیسے ادارے اس مضبوط اور دیرپا شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔دورے کے اختتام پر ایک تعارفی و تبادلہ خیال نشست کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں ڈائریکٹر جنرل نے چائنہ ونڈو کی انتظامیہ، عملے اور رضاکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ثقافتی ہم آہنگی اور پاک چین دوستی کے فروغ کے لیے ان کی لگن کو خراجِ تحسین پیش کیا۔چائنہ ونڈو، جو پشاور میں ایک منفرد ثقافتی اور معلوماتی مرکز کے طور پر قائم کیا گیا ہے، ثقافتی تبادلوں، تعلیمی سرگرمیوں، سیمینارز، نمائشوں، زبان کے فروغ اور پاک چین دوستی کے استحکام کے لیے ایک مثر پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ یہ مرکز مسلسل ایسے پروگراموں کا انعقاد کر رہا ہے جن میں سفارت کار، ماہرینِ تعلیم، طلبہ، میڈیا نمائندگان اور سول سوسائٹی کے افراد شریک ہوتے ہیں، اور یوں ایک مضبوط، مربوط اور خوشحال پاک چین برادری کے قیام کے وژن کو عملی شکل دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed