کوہاٹ کے نواحی علاقوں میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ موٹرسائیکل حادثہ میں زخمی نوجوان زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔ پہلا واقعہ پولیس اسٹیشن بلی ٹنگ کی حدود کمال خیل میں پیش آیاجہاں محلہ ابراہیم خیل کے رہائشی میرسلام نامی عمر رسیدہ شخص کونامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا ۔ پولیس کے مطابق قتل کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکیں۔ایک اور واقعہ پولیس سٹیشن استرزئی کی حدود کچہ پکہ علاقے میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عنایت نامی شخص موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کا تعلق قبائلی ضلع لوئر اورکزئی کی لوئر تحصیل کے علاقے ڈپہ سے بتایا جاتا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہوسکتا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔علاوہ ازیں کوہاٹ کی تحصیل لاچی کے علاقے شکردرہ میں گرگرے کنڈاؤ کے مقام پر پیش آنے والے موٹر سائیکل حادثے میں زخمی نوجوان آصف ولد ایوب خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔







