عیدالضحیٰ اطاعت اور ایثار کا درس دیتا ہے ،اکبر سیٹھی

پاکستان ہندکووان تحریک صوبائی صدر اکبر سیٹھی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سنتِ ابراہیمیؑ صرف جانور قربان کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ اللہ تعالیٰ کی رضا، اطاعت، ایثار، صبر اور انسانیت سے محبت کا عظیم درس ہے۔ حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ نے اللہ تعالیٰ کے حکم پر جس بے مثال قربانی اور فرمانبرداری کا مظاہرہ کیا، وہ پوری انسانیت کے لیے رہتی دنیا تک مشعلِ راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آج ہمارا معاشرہ قربانی کے اصل مقصد اور روح سے دور ہوتا جا رہا ہے۔ قربانی جیسی مقدس عبادت کو نمود و نمائش، دولت کی نمائش اور مقابلہ بازی کا ذریعہ بنا دیا گیا ہے۔ بڑے اور مہنگے جانوروں کی خریداری کو فخر اور برتری کی علامت سمجھا جانے لگا ہے جبکہ اخلاص، تقویٰ اور سادگی کہیں پیچھے رہ گئی ہے۔
اکبر سیٹھی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر بعض قصاب حضرات نے بھی اس مقدس عبادت کو کاروبار کی شکل دے دی ہے۔ پہلے دن کے الگ ریٹ، دوسرے دن کے الگ ریٹ، پہلی چھری اور دوسری چھری کے نام پر من مانی فیسیں وصول کرنا عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدمت اور آسانی پیدا کرنے کے بجائے لوگوں کی مجبوریوں سے ناجائز فائدہ اٹھانا اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک قربانی کا اصل معیار نہ جانور کی قیمت ہے اور نہ ہی ظاہری نمائش، بلکہ اصل اہمیت نیت، تقویٰ اور اخلاص کی ہے۔ قرآن پاک کا واضح پیغام ہے کہ اللہ تعالیٰ کو نہ گوشت پہنچتا ہے اور نہ خون بلکہ بندوں کا تقویٰ پہنچتا ہے۔
اکبر سیٹھی نے عوام سے اپیل کی کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر سادگی، بھائی چارے، محبت، ایثار اور انسانیت کے جذبے کو فروغ دیا جائے، غریب اور مستحق افراد کو اپنی خوشیوں میں شامل کیا جائے اور قربانی کو صرف اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے ادا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم سنتِ ابراہیمیؑ کے حقیقی فلسفے کو سمجھ لیں تو معاشرے میں محبت، برداشت، مساوات اور انسان دوستی کو فروغ مل سکتا ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم دکھاوے اور فضول رسومات سے نکل کر اللہ تعالیٰ کے احکامات اور اسلامی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگیاں گزاریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed