چیف جسٹس پشاورہائیکورٹ کے ریمارکس کیخلاف پراسیکیوشن آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کی کال پر صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں پراسیکیوٹرز نے بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر علامتی احتجاج ریکارڈ کرایا۔ایسوسی ایشن کے مطابق یہ احتجاج پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے حالیہ سخت ریمارکس کیخلاف کیا گیا جس پر پراسیکیوٹرزمیں گہری تشویش اور مایوسی پائی جاتی ہے ۔ احتجاج میں تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرز سمیت دیگر پراسیکیوٹرز نے شرکت کی تاہم اس دوران عدالتی کارروائیوں اور دفتری امور میں معمول کے مطابق حصہ لیا گیا تاکہ سائلین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق پراسیکیوٹرز محدود وسائل اور مشکل حالات کے باوجود اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔ مختلف اضلاع میں مناسب دفاتر کی کمی، غیر مساوی تنخواہیں، رہائشی سہولیات کی عدم دستیابی و سکیورٹی مسائل کے باوجود پراسیکیوٹرز فوجداری نظامِ انصاف کو موثر بنانے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ایسوسی ایشن نے موقف اختیار کیا کہ ایسے حالات میں پراسیکیوشن سروس سے متعلق حالیہ ریمارکس نے ادارے میں بے چینی پیدا کی ہے۔ پراسیکیوٹرز عوامی مفاد اور قانون کی بالادستی کیلئے کام کر رہے ہیں لہذا ان کے وقار اور پیشہ ورانہ خودمختاری کا تحفظ ناگزیر ہے۔ ایسوسی ایشن نے چند روز قبل مسائل کے حل، ادارہ جاتی اصلاحات اور متعلقہ اداروں کیساتھ مذاکرات کیلئے سینئر پراسیکیوٹرز پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دی ۔ایسوسی ایشن اور پراسیکیوٹرز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ فوجداری نظامِ انصاف میں موثر کردار، ادارہ جاتی خودمختاری اور بہتر انصاف کی فراہمی کیلئے تمام قانونی اور جمہوری اقدامات جاری رکھے جائیں گے







