ڈپارٹمنٹ آف ری ہیبلیٹیشن اینڈ اسپورٹس سائنسز، عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں مفتی ثمین جان کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مفتی ثمین جان، جو اسلامیات ڈپارٹمنٹ میں بطور ڈیمانسٹریٹر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، کو طلبہ و طالبات کی جانب سے ایک بہترین، باصلاحیت اور خوش اخلاق استاد قرار دیا جاتا ہے۔ ان کے منفرد اندازِ تدریس، شائستہ رویے اور مثالی شخصیت کی بدولت طلبہ ان سے خصوصی محبت اور عقیدت رکھتے ہیں۔تقریب کے دوران مقررین نے کہا کہ مفتی ثمین جان نہ صرف ایک بہترین معلم ہیں بلکہ معاشرے میں ایک باکردار اور مثالی شخصیت کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔ ان کی علمی خدمات اور اخلاقی کردار قابلِ تقلید ہیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر اسپورٹس و چیئرمین ڈپارٹمنٹ آف ریہیبلیٹیشن اینڈ اسپورٹس سائنسز ڈاکٹر فاروق حسین نے مفتی ثمین جان کو ان کی شاندار تدریسی خدمات، بہترین کارکردگی اور خوش اخلاقی کے اعتراف میں شیلڈ اور ایپریسی ایشن سرٹیفکیٹ پیش کیا۔تقریب کے اختتام پر شرکا نے مفتی ثمین جان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کی محنت ، لگن اور بہترین اخلاق کا عملی اعتراف ہے۔







