قبائلی ضلع کرم سے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی ریاض شاہین کے حجرے پر نامعلوم افراد نے ہینڈ گرینیڈ سے حملہ کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق واقعہ گزشتہ شب لوئر تحصیل کی حدود میں پیش آیا جہاں دستی بم ایم پی اے کے حجرے کے صحن میں زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور حجرے میں موجود تمام افراد محفوظ رہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔







