مالم جبہ میں کیبن سٹی اور کار پارکنگ کی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ

ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی زیر صدارت مالم جبہ میں سیاحت کے فروغ، بڑھتی ہوئی سیاحتی سرگرمیوں کو منظم بنانے اور سیاحوں کو جدید و معیاری سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں کیبن سٹی اور کار پارکنگ کے مجوزہ منصوبے سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی شوزب عباس، اسسٹنٹ کمشنر چارباغ منیر خان حلیمزئی اور نمائندہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن چارباغ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر اپر سوات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن سوات خالد محمود، ریونیو فیلڈ سٹاف اور دیگر متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے، اجلاس کے دوران مالم جبہ میں سیاحوں کی بڑھتی ہوئی آمد، پارکنگ مسائل، ٹریفک دبا اور جدید رہائشی و تفریحی سہولیات کی ضرورت کے پیش نظر کیبن سٹی اور باقاعدہ کار پارکنگ کے قیام سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اپر سوات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے مجوزہ منصوبے کے مختلف پہلوئوں پر تجاویز اور تکنیکی آرا پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے نہ صرف سیاحوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی بلکہ مالم جبہ میں سیاحت کو بھی مزید فروغ حاصل ہوگا، ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مالم جبہ خیبرپختونخوا کا اہم سیاحتی مقام ہے جہاں ہر سال ہزاروں ملکی و غیر ملکی سیاح آتے ہیں اس لیے جدید تقاضوں کے مطابق انفراسٹرکچر اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے، انہوں نے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن چارباغ، اسسٹنٹ کمشنر چارباغ اور ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن سوات کو ہدایت جاری کی کہ وہ مجوزہ منصوبے پر مشترکہ طور پر کام کرتے ہوئے تمام قانونی، انتظامی اور تکنیکی پہلوں کا تفصیلی جائزہ لے کر جلد مکمل رپورٹ پیش کریں تاکہ منصوبے پر عملی پیش رفت ممکن بنائی جا سکے، انہوں نے مزید ہدایت کی کہ منصوبہ بندی کے دوران ماحولیات کے تحفظ، سیاحوں کی سہولت، ٹریفک روانی اور مقامی آبادی کے مفادات کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے تاکہ مالم جبہ کو ایک جدید، منظم اور بین الاقوامی معیار کے سیاحتی مرکز کے طور پر مزید ترقی دی جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed