پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مستردکرتے ہوئے گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے پانچ فیصد تک بڑھانے کا اعلان کردیا ۔اپنے بیان میں صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، 5 فیصد گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھانے کا بھی اعلان کرتے ہیں، وفاقی حکومت ٹول ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس سمیت موٹروے اور ٹریفک پولیس کے چالان ختم کرنے کا اعلان کرے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہمارے کئی ہزار ٹرانسپورٹرز گاڑیاں کھڑی کر رہے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے اور گڈز ٹرانسپورٹرز کو کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں دیا جا رہا، ٹرک ٹرالر کو جو 80 ہزار سبسڈی وفاقی حکومت کی طرف سے دی جا رہی ہے انتہائی کم ہے۔ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے ہمارے ایک ٹرالر کے ایک چکر کا 2 لاکھ اضافی خرچ ہوتا ہے، ایک مہینے میں ہمارے ٹرک ٹرالر 4 ٹرپ لگا رہے ہیں، 8 لاکھ کا ہمارے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے، مسلسل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ملک میں مہنگائی بھی بڑھ رہی ہے۔صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے مزید کہا کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں گاڑیاں نقصان میں چلا رہے ہیں، جنگی حالات سے ہمارا ٹرانسپورٹ کا کاروبار بہت متاثر ہے، اگر وفاقی حکومت نے اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی نہ کی تو پاکستان کی ٹرانسپورٹ رک جائے گی۔دوسری جانب آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی خبروں کی تردید کردی۔وائس چیئر مین آل پاکستان پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن نعمان بٹ نے ہڑتال کی افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یکم مئی سے 5 مئی تک پیٹرول پمپس کی بندش کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، ملک بھر میں تمام پیٹرول پمپ معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔انہوں نے کہا عوام کو بلا تعطل پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری رہے گی، ہڑتال سے متعلق خبروں کا ایسوسی ایشن سے کوئی تعلق نہیں۔ان کا کہنا تھا پیٹرول پمپ مالکان ہڑتال کی حمایت نہیں کرتے، عوام افواہوں پر کان نہ دھریں، پٹرول پمپس کھلے ہیں۔






