ارادے مضبوط ہوں تو مشکلات بھی راستہ دیتی ہیں، ضلع بونیر کے نائب قاصد کا بیٹا سی ایس ایس امتحان میں کامیاب ہو گیا، جس کے بعد انہیں پی اے ایس گروپ میں الاٹ کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر آفس بونیر میں خدمات انجام دینے والے نائب قاصد پیر محمد خان کے صاحبزادے حضرت بلال نے سنٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) 2025 کے امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں پہلی جبکہ ملک بھر میں 18ویں پوزیشن اپنے نام کر لی ہے، اور انہیں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS) گروپ میں الاٹ کر دیا گیا ہے۔حضرت بلال کی یہ شاندار کامیابی نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے علاقے کے لیے باعث فخر بن گئی ہے، محدود وسائل کے باوجود ان کی محنت، استقامت اور عزم نے یہ ثابت کر دیا کہ اگر ارادے مضبوط ہوں تو مشکلات بھی راستہ نہیں روک سکتیں، حضرت بلال کا تعلق گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج بونیر کے شعبہ انگریزی (2019-2023) سے رہا ہے، جہاں سے انہوں نے تعلیم حاصل کی۔ان کی اس کامیابی پر ملگری استاذان بونیر سمیت مختلف تعلیمی و سماجی حلقوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے، مقررین نے کہا کہ حضرت بلال کی کامیابی نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال ہے، کہ مسلسل محنت، خود اعتمادی اور مقصد سے وابستگی کے ذریعے بڑی سے بڑی منزل حاصل کی جا سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی صرف ایک فرد کی نہیں بلکہ ایک سوچ، ایک جدوجہد اور ایک خواب کی تعبیر ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ثابت ہوگی۔







