آپریشن وعدہ صادق 4کی 93ویں لہر، 7امریکی طیارے ،موساد ہیڈکوارٹرز تباہ

ایران نے آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت حملوں کی 93ویں لہر میں شہید نیول چیف ریئر ایڈمرل علی رضا تنگسیری کی یاد میں صیہونی ریاست پر گائیڈڈ میزائلوں سے حملہ کر دیا، موساد ہیڈکوارٹرز تباہ کردیا گیا جبکہایرانی میڈیا کی جانب سے دعوی کیا گیا ہے کہ ایک دن میں 7 امریکی طیارے تباہ ہوئے یا نقصان پہنچا ہے ،لاپتہ امریکی پائلٹ کو پکڑنے پر 66 ہزار ڈالرز انعام کی پیشکش کی گئی ہے ۔ایرانی و عالمی میڈیارپورٹس کے مطا بق ترجمان پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت حملوں کی 93ویں لہر میں شمالی اور وسطی مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلی جنگی امدادی مراکز پر حملے کیے گئے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ مغربی گلیلی، حیفہ، کفرکنہ اور کرائیوٹ پر گائیڈڈ میزائل داغے گئے، ایرانی فورسز نے گائیڈڈ میزائلوں کے ذریعے اہداف کو درستگی سے نشانہ بنایا، یہ حملے بحریہ کے شہید ریئر ایڈمرل علی رضا تنگسیری کی یاد میں کیے گئے۔خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے تل ابیب اور حیفہ سمیت مختلف شہروں پر کیے گئے حملوں کے نتیجے میں عمارتیں تباہ ہوگئیں، گاڑیوں میں آگ لگ گئی، جبکہ اسرائیل کا دفاعی نظام میزائل روکنے میں بری طرح نا کام رہا۔پاسداران انقلاب نے اسرائیلی شہر تل ابیب میں موساد کا ہیڈکوارٹر میزائل حملے سے تباہ کر نے کا دعوی کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بلند و بالا عمارت کے قریب دھماکے کی آواز اور آگ کا بڑا گولہ فضا میں اٹھتا دکھائی دیا۔ایرا نی میزائل حملوں کے دوران شہریوں نے اسرائیلی وزیر کے گھر میں قائم شیلٹر میں پناہ لینے کی کوشش کی لیکن وزیر نے دروازہ ہی نہیں کھولا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایرانی حملوں میں نیگیو کے صنعتی علاقے اور وسطی اسرائیل کی متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا، روش ہائین اور پیتاہ تکوا میں عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ تل ابیب کی متعدد جگہیں بھی متاثر ہوئیں۔ ایرانی فوج کے مطابق اردن میں امریکی فوج کے گودام میں ڈرون حملے کیے گئے، اسی طرح کویت میں موجود امریکی بٹالین اور بحرین میں امریکی فوج کی مدد کرنے والی ایلومینیم فیکٹری کو نشانہ بنایا گیا۔ایرانی فوج کے مطابق بحرین میں ایلومینیم فیکٹری امریکی فوج کو سامان فراہم کرتی ہے، یہ کارروائی ایران میں شہری بنیادی ڈھانچے پر حملوں کے جواب میں کی گئی، دشمن کے اقدام کا توقعات سے بڑھ کر جواب دیا جائے گا۔دبئی کے علاقے مرینا میں انٹرسیپٹر کا ملبہ گرنے سے عمارت متاثر ہو گئی۔ دبئی میڈیا آفس کے مطابق انٹرسیپشن کے بعد ملبہ عمارت پر گرا، واقعے میں آگ لگنے یا کسی زخمی ہونے کی اطلاع نہیں۔ میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ رسیکیو ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر صورتِ حال سنبھال لی۔ دوسری جانب حکام نے کہا کہ عالمی ٹیکنالوجی فرم کی عمارت پر میزائل کا ملبہ گر گیا ہے۔ حکام نے کہا کہ میزائل کا ملبہ گرنے سے عمارت کو نقصان پہنچا ہے تاہم صورتِ حال قابو میں ہے۔لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے مطابق عینا تا قصبے کے الصدر علاقے میں اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا، اسرائیلی گاڑیوں کو متعدد میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ترجمان حزب اللہ کے مطابق جنوبی سرحدی قصبے مارون الراس میں بھی اسرائیلی ٹھکانوں پر حملے کیے گئے، اسرائیلی توپ خانے اور فورسز پر میزائل داغے گئے ہیں۔ایرانی میڈیا کی جانب سے دعوی کیا گیا ہے کہ ایک دن میں 7 امریکی طیارے تباہ ہوئے یا نقصان پہنچا۔ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق اے 15 طیارے کو ایرانی حدود میں مارگرایاگیا،اے 10 جیٹ کو خلیج فارس میں تباہ کیاگیا،ویڈیوبھی جاری کردی گئی،اس کے علاوہ کویت میں چنوک ہیلی کاپٹر ڈرون حملے میں تباہ ہوا،ریسکیو مشن میں شریک 2 ہیلی کاپٹر فائرنگ کی زد میں آئے، ایرانی میڈیا کے مطابق دوسرے اے 10 طیارے نے ہٹ ہونے پر ایمرجنسی لینڈنگ کی،عراق میں ایف 16 طیارے کو ہنگامی بنیادوں پر اتار لیا گیا، اسرائیلی حدود میں کے سی 135 طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی۔ پاسداران انقلاب نے امریکی جہاز گرانے کی ویڈیو جاری کردی۔امریکی جہاز گرانے کے بعد ایک بیان پاسداران انقلاب نے کہا کہ آج امریکا کیلئے سیاہ دن ہے، نئے جدید ترین فضائی دفاعی نظام سے 2 طیارے، 5 ڈرون اور 2کروز میزائل تباہ کیے۔ پاسداران انقلاب کے مطابق اطلاعات ہیں کہ ایک کریو جہاز سے بحفاظت نکل نہیں سکا، ایرانی فضائی دفاع کے ہیروز کے سبب ایرانی حدود دشمن کیلئے خطرناک بن چکی ہیں۔اس کے ساتھ ہی ایرانی نیوز ایجنسی نے امریکی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر گرانے کی ویڈیو بھی جاری کردی ہے جس میں امریکی جہاز کو تباہ ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ادھر پاسداران انقلاب نے امریکا کیلئے سیاہ دن قرار د یا ہے ۔ ایران کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹرز کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ ایران کے نئے جدید دفاعی نظام کے ذریعے امریکی طیارہ مار گرایا گیا۔ایران کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹرز کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری کے مطابق مار گرایا گیا امریکی طیارہ ٹرمپ کے اس دعوے کہ امریکا نے ایران کا فضائی دفاعی نظام تباہ کر دیا کے جھوٹے دعوں کو اجاگر کرتا ہے۔ٹیلی ویژن خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ طیارہ ایران کے نئے جدید دفاعی نظام کے ذریعے مار گرایا گیا، انہوں نے مزید کہا ایک جدید دشمن لڑاکا طیارہ بھی قیشم جزیرہ کے جنوب میں نشانہ بنایا گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ لڑاکا طیارہ قیشم اور ہنگام جزائر کے درمیان پانیوں میں گر کر تباہ ہو گیا۔ایرانی پارلیمانی قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے دعوی کیا ہے کہ 5 امریکی فائٹرز جیٹس اور ہیلی کاپٹرز مار گرائے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ابراہیم عزیزی کا کہنا ہے کہ امریکا کے لیے آج حقیقی سیاہ دن ہے۔انہوں نے کہا کہ حقیقت کا سامنا کرنے کا وقت ہے، خطے سے بھاگنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ ایران کے ایک ٹی وی چینل نے اعلان کیا ہے کہ اگر شہری دشمن کے پائلٹوں کو گرفتار کر کے پولیس یا فوجی حکام کے حوالے کریں گے تو انہیں انعام دیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز ایران میں 1 امریکی لڑاکا طیارہ مار گرایا گیا، یہ طیارہ ایف-15 ای جنگی جہاز تھا، جس میں 1 پائلٹ اور ویپنز سسٹمز افسر سوار ہوتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق طیارے میں موجود 2 اہلکاروں میں سے 1 کو امریکی سپیشل فورسز نے بحفاظت ریسکیو کر لیا ہے، تاہم دوسرے پائلٹ کی تلاش جاری ہے۔ اعلان میں کہا گیا ہے کہ فوجی دستوں نے آج پہلے نشانہ بننے والے امریکی لڑاکا پائلٹ کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے۔ کوہگیلوئیہ و بویراحمد صوبے کے معزز عوام سے گزارش ہے کہ اگر آپ دشمن پائلٹ کو زندہ گرفتار کر کے پولیس یا فوجی حکام کے حوالے کریں گے تو آپ کو قیمتی انعام اور بونس دیا جائے گا۔ کوہگیلوئیہ و بویراحمد ایک دیہی اور پہاڑی علاقہ ہے جو تقریبا 15 ہزار 500 مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے۔ادھر تہران میں ایرانی دفاعی نظام کی کامیابی پر سڑکوں پر جشن منایا گیا۔ ایرانی فوج کے اہلکاروں اور شہریوں نے امریکی طیارے مار گرائے جانے کے بعد خوشی کا اظہار کیا، جس میں ایک خاص جوش اور ولولہ دیکھا گیا، یہ جشن خاص طور پر اس موقع پر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر امریکی حکام بار بار دعوی کر چکے تھے کہ ایران کی فضائی دفاعی صلاحیتیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں۔ایرانی فوج نے اس دعوے کو غلط ثابت کرتے ہوئے اپنی جدید صلاحیتیں ظاہر کیں، جس پر عوام میں فخر اور جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف نے امریکی فوج کو طنز کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکا ایرانی حکومت کی تبدیلی چھوڑ کر پائلٹ ڈھونڈنے کیلئے مدد مانگ رہا ہے۔ایران کی جانب سے امریکی جنگی طیارہ مار گرائے جانے اور اس کے پائلٹ کے لاپتہ ہونے کے بعد باقر قالیباف نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کر دیا، جس میں انہوں نے کہا کہ معاملہ حکومت تبدیلی سے کیا کوئی ہمارا پائلٹ ڈھونڈھ سکتا ہے تک پہنچ گیا۔اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا جو خود کو مسلسل کامیاب قرار دے رہا تھا، اب ایسی صورتحال میں پہنچ چکا ہے جہاں اسے اپنے ہی پائلٹس کی تلاش کیلئے مدد کی ضرورت پیش آ رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کے آغاز میں بڑے بڑے دعوے کیے گئے، جن میں حکومت کی تبدیلی جیسے اہداف شامل تھے، لیکن اب زمینی حقیقت مختلف نظر آ رہی ہے۔دوسری جانب ایران کے دارالحکومت تہران کے شمال میں متعدد دھماکوں اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آج علی الصبح تہران اور اس کے نواحی علاقوں میں متعدد دھماکے ہوئے ہیں، جبکہ مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ جنگ کے آغاز کے بعد گزشتہ رات سب سے خوفناک تھی۔تہران کے مغربی علاقوں جنت آباد، پونک، شہران، شہرکِ آزادی، تہران پارس اور اکباتان کے مکینوں کے مطابق مقامی وقت کے مطابق 2 بج کر 24 منٹ سے 2 بج کر 26 منٹ کے درمیان شدید دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جبکہ بعض افراد نے گھروں کے لرزنے کی بھی میڈیا کو اطلاع دی۔اسی طرح شہر کے جنوبی علاقوں، بشمول ڈسٹرکٹ 19، مہر آباد، شہرکِ راہ آہن، اسلام شہر اور شہرِ رے سے بھی اسی نوعیت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جہاں کچھ رہائشیوں نے بجلی کی بندش اور شدید جھٹکوں کی بھی نشاندہی کی۔رباط کریم کے علاقے میں تقریبا 2 بج کر 26 منٹ پر 2 سے 3 زور دار دھماکے رپورٹ ہوئے، جبکہ اس سے قبل نیاران میں 12 بج کر 16 منٹ اور رباط کریم میں 12 بج کر 33 منٹ پر بھی متعدد دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ہمسایہ صوبہ البرز کے علاقوں کرج، گل شہر، مہر شہر، جہان شہر، فردیس، گرم درہ اور کردان کے رہائشیوں نے بھی گزشتہ شب سے ہفتے کی صبح تک دھماکوں کی آوازیں سننے کے ساتھ ساتھ بعض مقامات پر لڑاکا طیاروں کی پرواز اور فضائی دفاعی سرگرمیوں کی آوازیں سننے کی میڈیا کو اطلاع دی ہے۔ایرانی وزارتِ صحت نے مزید 3 ایرانی شہریوں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 28 فروری سے جاری حملوں میں شہدا کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کرگئی۔وزارت صحت کے مطابق 26 ہزار سے زائد شہری زخمی ہوئے، جبکہ مسلسل حملوں میں 600 سے زائد سکولوں اور تعلیمی اداروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے تہران میں اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا ہے۔اسرائیل ڈیفنس فورسز کا کہنا ہے کہ اس نے جمعے کو تہران میں دہشت گرد حکومت کے بنیادی ڈھانچے کے مقامات کے خلاف حملوں کی ایک لہر مکمل کر لی ہے۔فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نے ایک فضائی دفاعی سائٹ کو نشانہ بنایا جہاں طیاروں کو نشانہ بنانے کے لیے میزائلوں کو ذخیرہ کیا گیا تھا اور ساتھ ہی ایک فوجی سائٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔آئی ڈی ایف کے مطابق یہ حملے ایرانی دہشت گرد حکومت کے بنیادی نظام اور بنیادوں کو پہنچنے والے نقصان کی کڑی ہے۔ادھر امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ میں اب تک 13 اہلکار ہلاک، 365 زخمی ہوئے،زخمیوں میں امریکی فوج کے 247،بحریہ کے 63 فضائیہ کے 36 اہلکارشامل ہیں،حال ہی میں مشرق وسطی پہنچنے والی میرینز کے 19 اہلکار بھی زخمی ہوئے۔پینٹاگون کی جانب سے ایران جنگ میں جانی نقصان کی تفصیلات جاری کردی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed