مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وفاق دہشتگردی کے خاتمے کے حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہا، اے پی سی کا بائیکاٹ کرنیوالے بتائیں، کہ وہ امن قائم کرنیوالوں کیساتھ ہیں یا بدامنی پھیلانے والوں کیساتھ؟ وزیراعلی کی قیادت میں، بائیکاٹ کرنے والوں کے بغیر بھی اے پی سی کامیابی سے منعقد ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اے پی سی کا بائیکاٹ کرنے والی سیاسی جماعتیں دراصل امن کی خواہاں نہیں، اے پی سی کسی سیاسی مقصد کے لیے نہیں بلکہ صوبے میں امن کے قیام کے لیے بلائی گئی تھی، بائیکاٹ کرنے والے بتائیں کہ وہ امن قائم کرنیوالوں کیساتھ ہیں یا بدامنی پھیلانے والوں کیساتھ؟ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی کی قیادت میں منعقدہ اے پی سی نے امن کے قیام کے لیے دلیرانہ فیصلے کیے ہیں، گورنر فیصل کریم سمیت دیگر بائیکاٹ کرنے والوں میں ایسے دلیرانہ فیصلے کرنے کی سکت نہیں تھی، اسی لیے انہوں نے اے پی سی کا بائیکاٹ کیا، گورنر فیصل کریم کنڈی کو سمجھنا چاہیے کہ ان کی عدم موجودگی سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔صوبائی مشیر کا کہنا تھا کہ جو جماعتیں اے پی سی کا بائیکاٹ کر رہی ہیں، اب کس منہ سے امن اور صوبے کی ترقی کی بات کریں گی؟ اے پی سی وزیراعلی علی امین گنڈاپور کی قیادت میں خیبر پختونخوا حکومت کی ایک مخلصانہ کوشش تھی، وزیراعلی علی امین گنڈاپور کی قیادت میں صوبائی حکومت امن کے قیام کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو بھی امن کے قیام میں حکومت کا ساتھ دینا چاہیے، صوبے میں دہشت گردی کسی ایک جماعت کا مسئلہ نہیں، دہشت گردی ایک مشترکہ مسئلہ ہے اور اس کا پائیدار حل بھی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے، جبکہ خیبر پختونخوا حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنے وسائل سے بڑھ کر خرچ کر رہی ہے۔مشیر اطلاعات نے بتایا کہ وفاق دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہا، وفاق صوبائی حکومت کو مضبوط بنانے کے بجائے وفاق اسے کمزور کر رہا ہے، دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں صوبے کے فنڈز دانستہ طور پر روکے گئے ہیں۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ دہشت گردی جیسے حساس اور سنگین مسئلے پر سیاست سے گریز کرنا چاہیے، وفاق کو صوبے کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کر کے، اسے معاشی طور پر مضبوط کرنا چاہیے، وفاق دہشتگردی کے خاتمے کے حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہا، اے پی سی کا بائیکاٹ کرنیوالے بتائیں، کہ وہ امن قائم کرنیوالوں کیساتھ ہیں یا بدامنی پھیلانے والوں کیساتھ؟







