آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔دبئی میں کھیلے جانے والے اس سیمی فائنل کی فاتح ٹیم فائنل میں ٹرافی کے لیے نیوزی لینڈ سے جنگ کرے گی۔ٹاس کے موقع پر پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم پہلے بیٹنگ کرکے بورڈ پر بڑا اسکور بنانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں، متحدہ عرب امارات ہمارا بیک یارڈ ہے، ہم یہاں کی کنڈیشنز بہت اچھے سے جانتے ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم کے کپتان ایرون فنچ کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں یہ بہترین وکٹ ہے اور ایسا نہیں لگتا کہ یہ بعد میں بدلے گی۔پاکستان کی ٹیم کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، آصف علی، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رف پر مشتمل ہے۔ آسٹریلیا کی ٹیم میں کپتان ایرون فنچ، ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، اسٹیو اسمتھ، گلین میکس ویل، مارکس اسٹوئنس، میتھیو ویڈ، پیٹ کمنز، مچل اسٹار اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔دونوں ٹیموں کے گروپ میچز پر نظر ڈالی جائے تو اس میں پاکستان کی پرفارمنس بہتر دکھائی دے گی۔قومی ٹیم نے ایونٹ کی فائنلسٹ نیوزی لینڈ اور بھارت سمیت اپنے گروپ کی تمام ٹیموں کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم کو گروپ میچز میں صرف انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ اس نے دیگر تمام حریفوں کو چاروں شانے چت کیا تھا۔







