پٹرولیم لیوی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف خیبرپختونخوا بار کونسل کی کال پر وکلاء نے آج صوبے بھر میں عدالتی بائیکاٹ کیا۔پشاور ہائیکورٹ سمیت صوبے کی مختلف عدالتوں میں وکلا عدالتی کارروائی میں پیش نہیں ہو رہے۔ وکلا ء کا کہنا ہے کہ اشیائے خوردونوش اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، جس کے خلاف احتجاجا عدالتی بائیکاٹ کیا گیا ہے۔وکلا نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف آج ملک گیر ہڑتال کی کال دی گئی ہے، جس کی وہ حمایت اور اس کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کر رہے ہیں۔وکلا نے مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرولیم لیوی ختم کرے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے باعث عام آدمی شدید پریشانی میں مبتلا ہے اور لوگ دو وقت کی روٹی کے لیے بھی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی ضروریات زندگی میں ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، لہذا حکومت مہنگائی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات کرے۔







