پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فضل خان آفریدی نے عوامی نیشنل پارٹی میں باقاعدہ طور پر شمولیت اختیار کرلی ہے۔ انہوں نے اے این پی قیادت پر مکمل طور پر اعتماد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پختونخوا کو اے این پی کی سخت ضرورت ہے، صوبہ بری طرح مشکلات کا سامنا کررہا ہے، ایسے میں ایمل ولی خان کی قیادت میں پارٹی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے کہ پختونوں کے مسائل فوری طور پر حل کئے جاسکیں۔ اپنے ایک اخباری بیان میں فضل آفریدی نے کہا کہ اے این پی کی ایک زبردست تاریخ رہی ہے، پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی جانی و مالی قربانیوں کا ایک لازوال سلسلہ رہا ہے، ایسے میں تمام پختونوں کو چاہیئے کہ عوامی نیشنل پارٹی کے جھنڈے تلے جمع ہوں اور اپنی مشکلات دور کرنے کیلئے مشترکہ جدوجہد کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے پاکستان میں فعال ہے اور تمام قومی مسائل کے حل کیلئے کوشش کررہی ہے، مفاہمت اور برداشت کی سیاست ہمیشہ سے پارٹی کی روایت رہی ہے جبکہ یہ نہ صرف پختونوں بلکہ تمام پسے ہوئے طبقات کا گھر ہے۔







