برطانیہ اور آئرلینڈ میں 12اگست کو رواں دہائی کا نمایاں ترین جزوی سورج گرہن دیکھا جائے گا، جس کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں سورج 91 سے 93 فیصد تک چاند کے پیچھے چھپ جائے گا۔برطانوی میڈیا کے مطابق مکمل سورج گرہن کا راستہ برطانیہ کے شمال سے گزرے گا، تاہم مکمل گرہن کے بجائے ملک کے بیشتر حصوں میں گہرا جزوی سورج گرہن دکھائی دے گا، لندن، مانچسٹر اور گلاسگو میں سورج کا تقریبا 91 فیصد حصہ چھپ جائے گا، جبکہ کارڈف میں یہ شرح تقریبا 93 فیصد اور بیلفاسٹ میں 93 فیصد سے کچھ زیادہ ہوگی۔آئرلینڈ کے کائونٹی کیری میں گریٹ اسکیلیگ کے مقام پر منظر سب سے زیادہ نمایاں ہوگا، جہاں سورج کا تقریبا 98 فیصد حصہ چاند کے پیچھے چھپ جائے گا۔ ماہرین کے مطابق یہ برطانیہ میں 1999 کے بعد سب سے زیادہ ڈرامائی سورج گرہن ہوگا۔سورج گرہن برطانوی وقت کے مطابق شام تقریبا 6 بجے سے 8 بجے کے درمیان جاری رہے گا، جبکہ مختلف علاقوں میں زیادہ سے زیادہ گرہن کا وقت تقریبا 7 بج کر 5 منٹ سے 7 بج کر 13 منٹ کے درمیان ہوگا، اس وقت سورج مغرب شمال مغرب کی سمت افق کے قریب ہلال کی شکل میں دکھائی دے گا۔ برطانیہ میں مکمل سورج گرہن کے لیے تاہم طویل انتظار کرنا ہوگا۔ وہاں اگلا مکمل سورج گرہن 23 ستمبر 2090 کو دیکھا جاسکے گا۔ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ جزوی سورج گرہن کے دوران سورج کو براہِ راست آنکھ سے دیکھنا خطرناک ہے، اس لیے مشاہدے کے پورے وقت مخصوص حفاظتی چشمے استعمال کرنا ضروری ہوگا۔







