غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی تازہ جارحانہ کارروائیوں کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور 10افراد زخمی ہوگئے جبکہ اسرائیلی فوج نے ہفتہ کی علی الصبح مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس کے شمال میں واقع قصبے عصیرہ الشمالیہ میں کارروائی کرتے ہوئے درجنوں گھروں پر چھاپے مارے۔فلسطینی خبر رساں ادارے وفا نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا کہ اسرائیلی فوج قصبے کے مختلف علاقوں میں داخل ہوئی اور متعدد گھروں کی تلاشی لی۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی اہلکاروں نے متعدد فلسطینی شہریوں کو ایک گھر میں جمع کر کے اسے عارضی فیلڈ تفتیشی مرکز میں تبدیل کر دیا، جہاں ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔وفا کی رپورٹ میں فوری طور پر کسی گرفتاری یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں دی گئی۔تاہم دوسری جانب فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق جمعہ وہفتہ کی درمیانی شب غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور 10 افراد زخمی ہوئے۔وفا کی ر پورٹ کے مطابق اسرائیلی ڈرون نے غزہ شہر کے جنوب میں واقع صبرہ محلے میں ایک موٹر سائیکل کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید ہو گیا۔رپورٹ کے مطابق ایک اور اسرائیلی حملہ نصیرات پناہ گزین کیمپ کے مشرق میں واقع ایک رہائشی عمارت پر کیا گیا، جس میں 10 فلسطینی زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے العودہ میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔







