خیبرپختونخوا کے ضلع دیر بالا کے مختلف علاقوں عشیرئی درہ، شرینگل، براول اور دیر خاص میں ہیضے کی وبا پھوٹ پڑی ، جس کے باعث خواتین و بچوں سمیت3ہزار سے زائد افراد متاثر ہو گئے ۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال دیر بالا کے ایم ایس ڈاکٹر صاحبزادہ امتیاز کے مطابق اب تک 3 ہزار سے زائد افراد اس وبا کا شکار ہو چکے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صرف ایک ہی روز میں 600 مریضوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا۔ایم ایس کے مطابق بعض مریضوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں دیگر ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال دیر بالا مریضوں سے بھر چکا ہے۔دوسری جانب محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی ٹیمیں وبا پر قابو پانے کیلئے دیر بالا پہنچ گئی ہیں۔ پبلک ہیلتھ کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پینے کے پانی کی جانچ اور فراہمی کو بہتر بنانے کیلئے بھی اقدامات کر رہی ہیں۔ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صاف پانی استعمال کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ بیماری کے پھیلا ئو کو روکا جا سکے۔







