سعودی عرب کی وزارتِ حج وعمرہ نے ملٹی پل عمرہ ویزہ متعارف کرایا ہے۔ یہ ویزہ اجرا کی تاریخ سے 365 دن کے لیے ہوگا جبکہ قیام کی انتہائی حد 90 روز ہوگی ۔اس ویزہ پر متعدد مرتبہ مملکت میں داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق وزارت کا کہنا تھا کہ ملٹی پل عمرہ ویزہ ضیوف الرحمان خدمت پروگرام اور مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے جس کا مقصد زائرین کی آمد کو آسان اور خدمات کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ملٹی پل عمرہ ویزے کے ضوابط کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اس ویزے کے ہولڈر کو حج سیزن میں یکم ذی القعدہ سے 13 ذی الحجہ تک مملکت آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ویزے کا اجرا نسک پورٹل پر رجسٹرڈ خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں سے سروسز پیکیج لینے سے مشروط ہوگا جو عمرہ زائر کے قیام کی مدت کے مطابق ہو۔عمرہ سروسز پیکیج کنفرم کرنے کے بعد ویزے کی درخواست دی جائے گی۔ عمرہ زائر کو نسک پورٹل پر عمرہ پرمٹ جاری کرانا ہوگا۔ملٹی پل عمرہ ویزے پر پیکیج کے مطابق قیام مکمل کرنے کے بعد مملکت سے روانہ ہونے کی صورت میں سسٹم میں ویزہ خود کار طور پر معطل ہو جائے گا جسے دوبارہ پیکیج لینے پر فعال کیا جاسکے گا۔







