امریکی فوج کے مسلسل دسویں رات ایران پر حملے ،فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا

امریکی فوج کے مسلسل دسویں رات ایران پر حملے مکمل ہوگئے جس میں میزائل اور ڈرون لانچنگ مقامات، اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنانے کا دعوی کیا گیا ہے جبکہ ایران نے بھی بحرین اور کویت میں امریکی فوجی تنصیبات پر حملوں کا جوابی دعوی کیا ہے،عمان کے علاقے لیماہ کے قریب آبنائے ہرمزمیں ایک آئل ٹینکرپرحملے کی اطلاع ملی ہے۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایران کے خلاف ایک اور مرحلہ وار حملے مکمل کرلئے ۔امریکی فورسز نے ایرانی فوجی کمانڈ سینٹرز، بحری صلاحیتوں، میزائل اور ڈرون لانچ سائٹس اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا۔بیان میں کہا گیا کہ اہم بین الاقوامی بحری گزرگاہ سے تجارتی جہازوں کی آمدورفت بدستور جاری ہے۔ مئی کے آغاز سے اب تک سینٹکام کی فورسز نے تقریبا 900 تجارتی جہازوں اور 45 کروڑ بیرل خام تیل کی ترسیل میں مدد فراہم کی ہے۔سینٹکام نے کہا کہ امریکی فورسز آبنائے ہرمز سے آزادانہ اور کھلے عام گزرنے والے شہری ملاحوں کے خلاف بلاجواز جارحیت پر ایران کو جواب دہ بنانے کے لیے بدستور پوری طرح تیار اور مستعد ہیں۔ادھر امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے تصدیق کی ہے کہ 2 ہفتوں سے جاری ایران جنگ میں تقریبا 100 فوجی زخمی ہوئے۔پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے کہا ہے کہ 7 جولائی سے اب تک تقریبا 100 امریکی فوجی زخمی ہوئے ہیں جنہیں مختلف نوعیت کے زخم آئے ۔انہوں نے ساتھ ہی دعوی کیا کہ ان میں سے 96 فیصد زخمی فوجی ڈیوٹی پر واپس آچکے ہیں۔ یہ انکشاف ایسے وقت کیا گیا ہے جب امریکا نے جمعہ کو ایرانی حملے سے ہلاک 2 فوجیوں کی شناخت ظاہر کی ہے۔اس سے پہلے پینٹاگون نے صرف اتنا بتایا تھا کہ 28 فروری سے اب تک 14 فوجی ہلاک اور 427 زخمی ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ شمالی عراق اور اردن میں امریکی اڈوں پر ایران کے جوابی حملوں میں ہلاک امریکی فوجیوں کی تعداد بھی بڑھنے کا خدشہ ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق امریکی فوج اردن میں ایرانی حملے کے مقام سے ملنے والے کچھ ناقابل شناخت جسمانی اعضا کا جائزہ لے رہی ہے۔یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔امریکا ایرانی حملوں میں 3 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف پہلے ہی کرچکا، ایک امریکی فوجی لاپتہ ہے۔گزشتہ روز امریکی فوج نے تصدیق کی تھی کہ شمالی عراق میں ایک امریکی فوجی اہلکار 18 جولائی کو کارروائی کے دوران ہلاک ہوا۔اس سے پہلے ہفتے کو اردن پر ایران کے میزائل حملے میں 2 امریکی فوجی ہلاک اور ایک لاپتا ہو گیا تھا جب کہ چار امریکی فوجی اہلکار زخمی ہوئے تھے۔دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے امریکی حملوں کے جواب میں بحرین اور کویت میں امریکی فوجی تنصیبات پر حملوں کا دعوی کیا ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ بحرین کے شہر محرق میں امریکی ریڈار اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا ہے۔اس کے علاوہ بحرین کے شہر رفاع میں نصب امریکی پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کو میزائل اور ڈرون سے نشانہ بنایا۔ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کویت میں امریکی ریڈار، مواصلاتی نظام اور سیٹلائٹ تنصیبات کو میزائل اور ڈرون سے نشانہ بنایا۔پاسداران انقلاب نے کویت کے علی السالم ائیربیس پر موجود ایم کیو 9 ڈرون ہینگر کو نشانہ بنانے کا دعوی کیا ہے۔اس کے علاوہ کویت کے احمد الجابر ائیربیس پر موجود امریکی فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا۔ایرانی فوج نے دعوی کیا ہے کہ اس نے کویت کے کیمپ عریفجان میں تعینات امریکی HIMARS میزائل نظام کو زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق فوج نے بتایا کہ یہ حملہ اس کے تھنڈر آپریشن کے 18ویں مرحلے کا حصہ تھا اور ایران پر امریکی حملوں کے جواب میں کیا گیا۔اس کے علاوہ پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے پر 2 آئل ٹینکروں میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی۔ ادھربرطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق ایک ٹینکر نے اطلاع دی ہے کہ آبنائے ہرمز میں اسے نامعلوم سمت سے آنے والے ایک پروجیکٹائل نے نشانہ بنایا گیا۔برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے بتایا یے کہ یہ واقعہ عمان کے علاقے لیما کے شمال مشرق میں تقریبا 8 سمندری میل کے فاصلے پر پیش آیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed