پشاور سے سعودیہ براہِ راست پروازوں کا آغاز ناگزیر ہے’ سعودی سفیر

پشاور میں سعودی ایئرلائنز کے نئے دفتر کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ دونوں شخصیات نے مشترکہ طور پر سعودی ایئرلائنز کے نئے دفتر کا افتتاح کیا اور بعد ازاں دفتر کے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔تقریب میں سعودی ایئرلائن کے کنٹری ڈائریکٹر، سعودی سفارتخانہ کے حکام، ٹریول ایجنٹس اور کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی.سعودی ایئرلائنز کا خیبرپختونخوا میں یہ پہلا دفتر ہے، جہاں سے ہفتے میں چھ پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کو پشاور آمد پر خوش آمدید کہا اور سعودی ایئرلائنز کے نئے دفتر کے قیام کو خیبرپختونخوا کے لیے خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دفتر کے قیام سے صوبے کے عوام، بالخصوص حج، عمرہ اور سعودی عرب جانے والے مسافروں کو بہتر اور آسان سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے ہر سال بڑی تعداد میں شہری حج، عمرہ اور روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب جاتے ہیں، اس لیے پشاور سے جدہ، ریاض اور مدینہ کے لیے براہِ راست پروازوں کا آغاز وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے سعودی سفیر سے پشاور میں سعودی قونصل خانہ قائم کرنے کی درخواست بھی کی۔ قونصل خانے کے قیام سے خیبرپختونخوا کے عوام کو ویزا اور قونصلر خدمات کے حصول میں بڑی سہولت ملے گی، انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی سفیر اس سلسلے میں مثر کردار ادا کریں گے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی اعتماد، اخوت اور دیرینہ تعاون پر استوار ہیں اور دونوں برادر ممالک کے تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، جسے پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارت کو شکست دینے کے دوران بھی سعودی عرب نے برادرانہ کردار ادا کیا۔ گورنر نے مزید کہا کہ حرمین شریفین کی خدمت اور حفاظت کے لیے پاکستانی افواج پر سعودی اعتماد پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پاکستانی اور سعودی تاجروں کے درمیان تجارتی روابط کے فروغ سے دونوں ممالک کی معیشت کو فائدہ ہوگا اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ تقریب کے اختتام پر سعودی سفیر نے گورنر خیبرپختونخوا کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کیں. اس سے قبل سعودی عرب کے سفیر دورہ پشاور کے دوران گورنر ہاوس پشاور پہنچے جہاں گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے معزز سفیر کا پرتپاک استقبال کیا. اس موقع پر خیبرپختونخوا کی ثقافت کی عکاسی کرتے ہوئے روایتی و ثقافتی پرفارمنس بھی پیش کی گئیں۔ بعدازاں سعودی سفیر اور گورنر خیبرپختونخوا کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تاریخی تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا. سعودی سفیر نے اس موقع پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے.۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed