ایڈووکیٹ جنرل آفس خیبر پختونخوا کے ملازمین نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سروس ٹریبونل کے فیصلے پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے ان کا جوڈیشل الانس 30 فیصد سے بڑھا کر 100 فیصد کیا جائے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ ٹریبونل کی جانب سے ان کے حق میں فیصلہ آنے اور بعد ازاں عمل درآمد کے احکامات جاری ہونے کے باوجود تاحال انہیں یہ حق نہیں دیا گیا، جس کے باعث ملازمین میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ایڈووکیٹ جنرل آفس کے ایک اہلکار منظور حسین نے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت نے 2009 میں جوڈیشل الانس میں 30 فیصد اضافہ کیا تھا، جبکہ اسی دور میں سیکرٹریٹ ملازمین کو بھی 30 فیصد الانس دیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ 2019 میں سیکرٹریٹ ملازمین کے الانس میں اضافہ کرکے اسے 50 فیصد کر دیا گیا اور اس کا نام تبدیل کرکے "سیکرٹریٹ پرفارمنس الانس” رکھ دیا گیا۔ اس کے بعد ایڈووکیٹ جنرل آفس کے ملازمین نے بھی اسی طرز پر اپنے الانس میں اضافے کے لیے درخواست دی، تاہم فنانس ڈیپارٹمنٹ نے فنڈز کی کمی کا جواز پیش کرتے ہوئے درخواست مسترد کر دی۔منظور حسین کے مطابق 2023 میں صوبائی حکومت نے سیکرٹریٹ ملازمین کے پرفارمنس الانس میں مزید اضافہ کرتے ہوئے اسے 100 فیصد کر دیا، جس پر ایڈووکیٹ جنرل آفس کے ملازمین نے دوبارہ اپنے الانس میں اضافے کے لیے درخواست دی، لیکن اسے بھی مسترد کر دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اس فیصلے کے خلاف ملازمین نے خیبر پختونخوا سروس ٹریبونل سے رجوع کیا، جہاں 13 نومبر 2025 کو ٹریبونل نے ملازمین کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے صوبائی حکومت اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ دیگر سرکاری ملازمین کی طرح ایڈووکیٹ جنرل آفس کے ملازمین کے الانسز میں بھی مناسب اضافہ کیا جائے تاکہ مختلف محکموں کے ملازمین کے درمیان موجود امتیازی فرق ختم ہو سکے۔ملازمین کے مطابق عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث انہوں نے ٹریبونل میں ایگزیکیوشن پٹیشن بھی دائر کی، جس پر متعلقہ حکام کو فیصلے پر عمل درآمد کے احکامات جاری کیے گئے، تاہم اس کے باوجود اب تک کوئی عملی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ایڈووکیٹ جنرل آفس کے ملازمین نے وزیراعلی خیبر پختونخوا، چیف سیکرٹری، فنانس ڈیپارٹمنٹ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سروس ٹریبونل کے فیصلے پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے ان کا جوڈیشل الانس 30 فیصد سے بڑھا کر 100 فیصد کیا جائے تاکہ انہیں بھی دیگر سرکاری ملازمین کی طرح مساوی مراعات فراہم کی جا سکیں۔







