پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو اورپاکستان کلچر ٹورازم اینڈ آرٹس آرگنائزیشن باہم مل کر پاکستان باالخصوص خیبر پختونخوا اور چین کی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کریں گے اس سلسلہ میں دونوں تنظیموں کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے ہیں۔ مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب چائنہ ونڈو میں منعقد ہوئی۔ پاکستان کلچر ٹورازم اینڈ آرٹس آرگنائزیشن کی جانب سے جاوید عزیز خلجی اور چائنہ ونڈو کی جانب سے امجد عزیز ملک نے یادداشت پر دستخط کئے۔

ممتاز کلچرپروموٹر رشید سہیل پراچہ، ڈاکٹر شاہدہ سردار، ناز پروین ،مسز جوئس عسکر اور سید نعمان الدین ایڈوکیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔تقریب سے خطاب میں چائنہ ونڈو کے ایڈمنسٹریٹر امجد عزیز ملک نے کہا کہ دونوں ادارے ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ پاک چین دوستی اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطوں میں بہتری لانے کے لئے بھی خدمات انجام دیں گے اسی طرح کلچرل ایکسچینج کے تحت ثقافتی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ پشاور سمیت صوبے بھر میں علمی ، ادبی اور ثقافتی تقریبات کو فروغ دیا جائے اور فنون لطیفہ سے منسلک افراد کو سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ پاکستان کلچر ٹورازم اینڈ آرٹس آرگنائزیشن کے بانی چئیرمین جاوید عزیز خلجی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ان کی تنظیم کو باضابطہ طور پر محکمہ سوشل ویلفئیر سے رجسٹریشن مل گئی ہے جس کے بعد انہوں نے فن و ثقافت کے لئے اپنی خدمات کا عملی آغاز کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چائنہ ونڈو کے ساتھ ایم او یو پر دست خط کے بعد ان کی ہر ممکن کوشش ہو گی کہ دونوں ادارے پشاور سمیت صوبے بھر میں مختلف نوعیت کی ثقافتی تقریبات کا انعقاد کریں تاکہ صوبے میں قائم ثقافتی جمود کو ختم کیا جا سکے۔ جاوید عزیز خلجی نے مزید کہا کہ ان کی تنظیم چینی سیاحوں کو خیبر پختون خوا میں مذہبی سیاحت کے لئے راہ ہموار کرنے میں اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرے گی۔انہوں نے پاک چین دوستی کے حوالے سے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ طویل عرصہ سے پشاور میں کسی بھی چینی ثقافتی وفد نے دورہ نہیں کیا جس کے پیش نظر ان کی خواہش ہے کہ چینی حکومت جب بھی اپنا ثقافتی طائفہ پاکستان بھیجے اسے پشاور میں موقع دیا جائے تاکہ مقامی لوگوں کو چینی ثقافتی پرفارمنس دیکھنے کا موقع میسر آئے۔ چئیرمین جاوید عزیز خلجی نے چائنہ ونڈو کو پشاور میں قابل زکر چینی ثقافتی مرکز قرار دیتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ مستقبل میں پاک چین دوستی مزید مستحکم کرنے میں یہ ادارہ اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔








