سینئر صحافی اور روزنامہ مشرق کے سیکنڈ نیوز ایڈیٹر طارق متین بقضائے الٰہی انتقال کر گئے ،پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض، جنرل سیکرٹری عالمگیر خان،نائب صدر ضیاء الحقاور کابینہ وگورننگ باڈی کے اراکین نے سینئر صحافی طارق متین کی وفات پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے صحافتی برادری کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے۔ہفتہ کے روز جاری اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ سینیئر صحافی طارق متین کی وفات پر پوری صحافتی برادری غمزدہ اور مرحوم کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم طارق متین ایک باصلاحیت، دیانت دار اور ذمہ دار صحافی، ایک مخلص دوست، خوش اخلاق، باوقار اور نفیس انسان بھی تھے۔

صحافت سے طویل وابستگی کے دوران ان کی گراں قدر خدمات اور اعلی کردار کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض، جنرل سیکرٹری عالمگیر خان، کابینہ اور گورننگ باڈی کے اراکین نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پشاور پریس کلب اس غم کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ اور تمام لواحقین کو صبرِ جمیل اور استقامت عطا فرمائے۔آمین یا رب العالمین۔







