بادیزئی کرکٹ لیگ سیزن 5 کا باقاعدہ آغاز رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے ہوگیا جس میں علاقے کے معززین، علما کرام، نوجوانوں، اور کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی براک بلڈرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی حیدر باباخیل تھے جبکہ پختونخوا قومی جرگہ پاکستان تپہ خلیل کے چیف فخر عالم خلیل نے ان کا استقبال کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی حیدر باباخیل نے کہا کہ نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر قابو پانا معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو منشیات اور دیگر سماجی برائیوں سے بچانے کے لیے کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف جذباتی نعروں سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگی قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق گزاریں کیونکہ قرآن کریم انسانیت کے لیے مکمل رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حقیقی کامیابی صرف ذاتی مفاد میں نہیں بلکہ دوسروں کی خدمت اور معاشرے کی فلاح کے لیے کام کرنے میں ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو کھیل، تعلیم اور دیگر تعمیری سرگرمیوں میں بروئے کار لائیں تاکہ وہ معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔اس موقع پر علی حیدر باباخیل نے اعلان کیا کہ اگر خلیل قوم کی سطح پر ایک بڑا کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کیا جاتا ہے تو اس کے تمام اخراجات براک بلڈرز پرائیویٹ لمیٹڈ برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ ضلعی، صوبائی اور قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکتے ہیں۔افتتاحی تقریب کے بعد لیگ کا پہلا میچ خلیل ینگسٹر اور ملتان سلطان کے درمیان کھیلا گیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطان نے مقررہ 9 اوورز میں 148 رنز کا شاندار مجموعہ اسکور کیا۔ ٹیم کی جانب سے سیف اللہ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 33 گیندوں پر 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ہدف کے تعاقب میں خلیل ینگسٹر کی ٹیم 125 رنز پر آئوٹ ہوگئی، جس کے نتیجے میں ملتان سلطان نے افتتاحی میچ بآسانی اپنے نام کر لیا۔میچ کے اختتام پر مہمانِ خصوصی علی حیدر باباخیل نے دونوں ٹیموں کی عمدہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے دونوں ٹیموں کے لیے 10،10 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا جبکہ لیگ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کے لیے 50 ہزار روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔اس موقع پر پختونخوا قومی جرگہ پاکستان تپہ خلیل کے چیف فخر عالم خلیل نے کہا کہ بادیزئی کرکٹ لیگ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کی ایک بہترین کوشش ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ علی حیدر باباخیل، ملک عامر اور فخر عالم خلیل مشترکہ طور پر بادیزئی میں ایک معیاری کرکٹ گرانڈ کے قیام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے تاکہ علاقے کے نوجوانوں کو بہتر کھیل کی سہولیات میسر آسکیں اور وہ اعلی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔تقریب میں موجود شرکا نے بادیزئی کرکٹ لیگ سیزن 5 کے انعقاد کو علاقے میں کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور منشیات کے خلاف شعور اجاگر کرنے کی جانب ایک اہم اور مثبت قدم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسے ایونٹس مستقبل میں بھی باقاعدگی سے منعقد ہوتے رہیں گے۔







