مس یونیورس 2026 کے مقابلے کی تاریخوں کا ابھی اعلان نہیں ہوا لیکن اس حوالے سے ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ مس فرانس کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ سات دہائیوں تک اس مقابلے میں حصہ لینے کے بعد اب مس یونیورس 2026 میں شرکت نہیں کرے گی۔فرانس 1952 سے مسلسل اس عالمی مقابل حسن کا حصہ رہا ہے، تاہم پہلی بار 73 برس بعد اس کی نمائندہ اس ایونٹ میں شریک نہیں ہوگی۔مس فرانس کمپنی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک بیان میں کہا کہ ہم مس یونیورس 2026 کے مقابلے میں حصہ نہ لینے کا اعلان کرتے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ، یہ فیصلہ مس فرانس کی شناخت اور اقدار پر قائم رہنے کی خواہش کا نتیجہ ہے جو اب مس یونیورس کی موجودہ سمت سے میل نہیں کھاتے۔ خاص طور پر 2025 کے مقابلے میں دیکھی جانے والی متعدد خامیوں اور بدانتظامی کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔بیان میں مزید واضح کیا گیا کہ یہ فیصلہ صرف آنے والے ایک مقابلے کے لیے کیا گیا ہے۔ مس فرانس کی تنظیم مستقبل میں ہونے والی تبدیلیوں پر نظر رکھے گی اور امید کرتی ہے کہ وہ مستقبل قریب میں دوبارہ اس کا حصہ بن سکے گی۔







