سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ ملٹی نیشنل کمپنیاں ملک چھوڑ کر جارہی ہیں، وہ بتاتی ہیں کہ ملک میں بدحالی ہے، چار سال بعد ہم دیکھتے ہیں کہ کشکول ہی پکڑ رکھا ہے۔ایک انٹرویو میں محمد زبیر نے کہاکہ حیران کن بات ہے کہ ملک کی تاریخ میں کبھی ایسا وقت نہیں آیا کہ ملٹی نیشنل کمپنی ایک کے بعد دوسری یہاں سے جا رہی ہے، میں کسی کا نام نہیں لینا چاہتا لیکن بہت سے نام ہیں، ہفتہ، دو ہفتے ، تین ہفتے بعد ایک بڑی ملٹی نیشنل کمپنی چلی جاتی ہے، وہ کمپنیاں جو 50 سال سے ملک میں کام کررہی تھیں ، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا میں اب بھی یہی کمپنیاں کام کر رہی ہیں لیکن پاکستان سے جارہی ہیں، وہ بتاتی ہیں کہ بدحالی ہے۔ان کا مزید کہناتھاکہ بہت سی وجوہات ہیں، ہم نے دیکھا کہ وزیراعظم نے اپریل 22 سے لے کر اب تک 100 سے زیادہ دورے کیے ہوں گے، شروع میں اپنا مقصد بتایاکہ کسی سے بھیک مانگنے نہیں جارہے، کشکول لے کر نہیں جارہے لیکن چار سال بعد بھی ہم دیکھتے ہیں کہ کشکول ہی پکڑا ہوا ہے ۔







