بنگلہ دیش پاکستان کیساتھ مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے’ ہائی کمشنر

بنگلہ دیش کے نو تعینات ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بالخصوص پشاور کا دورہ اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہوں، ہم نے اپنی نسلوں کے روشن مستقبل کے لیے باہمی محبت و بھائی چارے سے مل کر آگے بڑھنا ہے، سابق گورنر حاجی غلام علی اور مہمند چیمبر کے صدر امیر محمد خان نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کی مثال دو جسم ایک جان کی ہے، ہم بھائی تھے ہیں اور رہیں گے، مستقبل قریب میں کامیابی کے سنگ میل مل کر طے کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کی جانب سے مہمند چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ اور بزنس کمیونٹی سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔ ان کی آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ سابق گورنر حاجی غلام علی ، مہمند چیمبر کے صدر امیر محمد خان ، سابق صدور سجاد علی ، خواجہ عبد القدوس اور دیگر عہدیداروں سمیت تاجروں کے سینیئر رہنما ملک مہر الہی، ایپشیا کے روح رواں معمور خان، منہاج الدین باچا اور پشاور و قبائلی علاقوں کی بزنس کمیونٹی اس موقع پر موجود تھے۔ سابق نگران صوبائی وزیر عدنان جلیل بھی بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر کے ہمراہ پہنچے۔ تقریب میں بزنس کمیونٹی نے بنگلہ دیشی ہائی کمشنر سے تعارف کے ساتھ ساتھ دونوں ملکوں میں تجارت کے فروغ کے لیے موجود وسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا اور تجاویز بھی پیش کیں جنہیں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان بذات خود لکھتے بھی رہے۔ اس موقع پر استقبالیہ خطاب میں سابق گورنر حاجی غلام علی اور مہمند چیمبر کے صدر امیر محمد خان نے مہمان کو خوش آمدید کہا اور اپنے اور اپنی پوری بزنس کمیونٹی کی جانب سے مضبوط ترین تجارتی تعلقات کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی کو بھلا کر حال میں آگے بڑھتے ہوئے مستقبل کے لیے روشن راہیں متعین کرنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش اور پاکستان بھائی تھے، ہیں اور رہیں گے، اس حقیقت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا۔ انہوں نے ہائی کمشنر کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مختلف سیکٹرز میں تعاون کے ممکنہ وسائل سے آگاہ بھی کیا اور کہا کہ ایمپورٹ ایکسپورٹ سے دونوں ملکوں کی قسمت کو بدلا جا سکتا ہے۔ بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے تجاویز کا کھلے دل سے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کی موجودہ عبوری حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ ہر لحاظ سے بہتر اور مضبوط تعلقات کی خواہش رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی آئندہ نسلوں کے لیے صرف محبت اور کامیابی کی مثالیں اور روایات چھوڑنی ہیں، تجارت کے فروغ اور معیشت کی بہتری کے لیے گندم، چینی، آئل ، مائنز اینڈ منرلز سمیت کئی ایک سیکٹرز میں مل کر کام کیا جا سکتا ہے اور اس حوالے سے پہلے ہی دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی کو کنیکٹ کرنا شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ دونوں ملکوں میں زمینی اور ہوائی دونوں راستے بحال ہوں اور ویزہ کے معاملات میں مکمل آسانیاں پیدا کی جائیں۔ بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر نے یقین دلایا کہ کاروباری طبقے کو دونوں جانب مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔ تقریب کے اختتام پر ہائی کمشنر کو یادگاری شیلڈز دی گئیں اور سابق گورنر اور مہمند چیمبر کی جانب سے روائتی چادر سمیت ایپشیا کی جانب سے یادگاری قیمتی انگوٹھی بھی دی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed