مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ محمد زبیر کے بیان نے شریف فیملی کی سیاست کا پول کھول دیا۔ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ عدالت کو احسن اقبال کے بیان کا نوٹس لینا چاہیے، احسن اقبال کا ضمیر بھی جلد جاگ جائے گا۔بیرسٹر سیف نے مزید کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا فیصلہ عدالت کرے گی، شریف فیملی نے ہمیشہ سازشی سیاست کی۔خیبر پختون خوا کے مشیرِ اطلاعات کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کے بیانِ حلفی نے ان کی کرپشن عیاں کی تھی۔واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز کے سابق ترجمان اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے گزشتہ دنوں ن لیگ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا تھا کہ ووٹ کو عزت دو ہمارا نعرہ تھا، اب ہر قیمت پر پاور میں ہی رہنا ہو تو ساتھ چلنا بڑا مشکل ہوجاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کافی عرصے سے میں نے یہ فیصلہ کر لیا تھا، جب سے پاور پالیٹکس شروع کی ہے تو ساتھ چلنا مشکل ہو گیا تھا۔سابق گورنر سندھ نے کہا تھا کہ میں کافی عرصے پہلے ن لیگ قیادت کو واضح کر چکا تھا، مجھے تحریکِ عدم اعتماد، پی ڈی ایم کی 16 ماہ کی کارکردگی سمیت مختلف ایشوز پر اختلافات تھے۔







