فورتھ شیڈول کا 8اکتوبر کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار

پشاور ہائیکورٹ نے ضلع کرم کے 16 شہریوں کے نام فوری طور پر فورتھ شیڈول سے خارج کرنے کا حکم دیتے ہوئے 8 اکتوبر 2025 کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کردیا۔ عدالت نے علی جواد سمیت دیگر شہریوں کی اپیلیں منظور کرلیں۔عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ کسی شہری کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کا اختیار لامحدود نہیں بلکہ اس کے لیے ٹھوس شواہد اور قانونی جواز ضروری ہے۔ پشاور ہائیکورٹ نے اہم ریمارکس دیتے ہوئے قرار دیا کہ صرف ایف آئی آر کا اندراج کسی شہری کو فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کے لیے کافی نہیں، متعلقہ حکام کو اس حوالے سے ٹھوس شواہد فراہم کرنا ہوں گے۔عدالت کے مطابق فورتھ شیڈول میں کسی شہری کا نام شامل ہونے سے اس کی نقل و حرکت اور دیگر بنیادی حقوق متاثر ہوتے ہیں، اس لیے ایسے فیصلے کرتے وقت قانونی تقاضوں کو پورا کرنا ضروری ہے۔ سماعت کے دوران پشاور ہائیکورٹ نے کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی رپورٹس میں موجود تضادات کی نشاندہی بھی کی۔عدالت نے ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کمیٹی اور پراسیکیوشن ریویو کمیٹی کی رپورٹس میں پائے جانے والے اختلافات کو بھی مدنظر رکھا اور اپیل کنندگان کے وکیل کے دلائل سے اتفاق کیا۔پشاور ہائیکورٹ نے اپیلیں منظور کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو حکم دیا کہ ضلع کرم کے 16 شہریوں کے نام فوری طور پر فورتھ شیڈول سے خارج کیے جائیں۔ عدالت نے 8 اکتوبر 2025 کے نوٹیفکیشن کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کالعدم کردیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed