بلاول بھٹو پنجاب کو چار حصوں میں تقسیم کرنے کے مخالف

 

رحیم یار خان: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب کو چار حصوں میں تقسیم کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت صرف جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کی حامی ہے۔

رحیم یار خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی مشکلات کا شکار ہے، نوجوان پریشان ہیں جبکہ مہنگائی اور غربت نے عوام کی زندگی مشکلات سے دوچار کر رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کو ان کی فصلوں کی مناسب قیمت نہیں مل رہی۔ پاکستان پیپلز پارٹی غریب دوست جماعت ہے اور حکمرانوں کو ملک کو درپیش اصل معاشی مسائل کی جانب متوجہ کررہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ موجودہ وقت سیاسی انتقام کا نہیں ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سازشی عناصر جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی جدوجہد کو متنازع بنانے سے گریز کریں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے واضح کیا کہ وہ پنجاب کو چار حصوں میں تقسیم کرنے کے حامی نہیں ہیں اور ان کی جماعت کا مؤقف صرف جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے تک محدود ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا صوبہ کسی بیک ڈور طریقے سے نہیں بنایا جائے گا بلکہ اس مقصد کے لیے بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس جدوجہد میں بھرپور تعاون کرنے پر مخدوم سید احمد محمود اور ان کے صاحبزادوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed