حیدرآباد: ایک کروڑ ہیڈ منی والا مطلوب دہشت گرد گرفتار

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) حیدرآباد نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے ریڈ بک میں شامل کالعدم تنظیم سندھ ایس آر اے کے انتہائی مطلوب مفرور دہشت گرد شعیب خشک کو بھٹائی نگر تھانے کی حدود سے گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق حراست میں لیا گیا ملزم دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے متعدد سنگین مقدمات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا، جبکہ محکمہ داخلہ سندھ نے اس کی گرفتاری پر ایک کروڑ روپے ہیڈ منی مقرر کر رکھی تھی۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد ایس آر اے کمانڈر اصغر شاہ کا دیرینہ ساتھی ہے اور اس کی معاونت سے علاقے میں تخریبی کارروائیاں کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

ملزم کی گرفتاری کے پس منظر سے آگاہ کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ سی ٹی ڈی حیدرآباد نے 6، 7 اور 8 اکتوبر کو ضلع ٹھٹھہ میں بھاری نفری کے ہمراہ تین بڑے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے تھے۔ مسلسل تین روز تک مختلف علاقوں کے محاصرے، سرچ آپریشن، مخبر نیٹ ورک اور جدید تکنیکی ذرائع کے استعمال کے باوجود ملزم اپنے تین ساتھیوں سمیت سی ٹی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ کر کے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا، جس کا مقدمہ سی ٹی ڈی حیدرآباد تھانے میں درج کیا گیا۔

تاہم سی ٹی ڈی کے افسران اور جوانوں نے ہمت نہ ہاری اور مسلسل محنت، مؤثر حکمت عملی اور انٹیلی جنس نیٹ ورک کی مدد سے بالآخر ملزم کو حیدرآباد سے دبوچ لیا۔ گرفتار ملزم کے خلاف سی ٹی ڈی حیدرآباد سمیت ضلع ٹھٹھہ کے علاقوں گھارو اور مکلی میں بھی مقدمات درج ہیں۔

کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے ایک ہینڈ گرنیڈ، 17 چلیدہ خول، نائن ایم ایم پسٹل کے 4 چلیدہ خول اور 30 بور پسٹل کے 4 چلیدہ خول برآمد کیے گئے ہیں۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے کر روانہ کر دی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed