گلگت بلتستان کو ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والی اہم شاہراہ قراقرم اپر کوہستان کے مقام چوچنگ میں شدید لینڈ سلائیڈنگ کے باعث گزشتہ تین روز سے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند ہیں جسکے نتیجے میں گلگت بلتستان سے ملک بھر کا درمیان زمینی رابطہ منقطع ہو کر رہ گیا ہے۔ شاہراہ قراقرم کی بندش سے دونوں اطراف سینکڑوں گاڑیوں میں سوار ہزاروں مسافر، سیاح اور مال بردار ٹرانسپورٹ پھنس کر رہ گئی ہے۔گزشتہ شب پہاڑ سے بھاری مقدار میں مٹی، پتھر اور چٹانیں سڑک پر آگرنے کے باعث صورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے جبکہ مسلسل لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے باعث بحالی کے کام میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔اپر کوہستان کے علاقے داسو کے قریب چوچنگ کے مقام پر شدید لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم کا بڑا حصہ ملبے کی زد میں آکر بند ہوگیا ہے۔ تین روز گزرنے کے باوجود شاہراہ پر ٹریفک بحال نہیں ہوسکی جسکے باعث دونوں جانب گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔شاہراہ قراقرم اس وقت گلگت بلتستان کو ملک کے دیگر حصوں بالخصوص راولپنڈی اور اسلام آباد سے ملانے والی واحد زمینی گزرگاہ ہے کیونکہ بابوسر ٹاپ سمیت دیگر بلند پہاڑی سلسلوں پر برف باری کے باعث متبادل شاہراہیں بھی ٹریفک کیلئے بند ہیں۔ ایسے میں مسافر بسوں، بڑی ٹرانسپورٹ گاڑیوں اور مال بردار ٹرکوں کی آمدورفت کا تمام تر انحصار شاہراہ قراقرم پر ہے تاہم لینڈ سلائیڈنگ کے باعث یہ اہم شاہراہ بھی بند ہونے سے گلگت بلتستان کا زمینی رابطہ ملک کے دیگر حصوں سے منقطع ہوگیا ہے۔شاہراہ کی بندش سے بڑی تعداد میں مسافر بسیں، نجی گاڑیاں اور مال بردار ٹرک دونوں جانب پھنسے ہوئے ہیںجسکے باعث مسافروں، سیاحوں اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بالخصوص طویل سفر کرنے والے مسافروں کو خوراک، رہائش اور دیگر بنیادی سہولیات کے حصول میں دشواری پیش آ رہی ہے جبکہ مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہونے سے اشیائے ضروریہ کی ترسیل بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ضلعی پولیس کنٹرول روم اپر کوہستان کے مطابق چوچنگ کے مقام پر شاہراہ قراقرم کی بندش کے باعث پھنسے ہوئے مسافروں کی سہولت اور مدد کیلئے پولیس مقامی افراد کے تعاون سے اقدامات کر رہی ہے۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے شاہراہ کی بحالی کیلئے امدادی اور مشینی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ بھاری مشینری کے ذریعے متاثرہ مقام کے دونوں اطراف سے مٹی، پتھر اور دیگر ملبہ ہٹانے کا کام تیزی سے کیا جا رہا ہے۔ تاہم پہاڑ سے مزید تودے اور پتھر گرنے کے خدشے کے باعث بحالی کی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔حکام کے مطابق شاہراہ کی بحالی کیلئے ہیوی مشینری اور متعلقہ عملہ مسلسل کام کر رہا ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ جلد از جلد ملبہ ہٹا کر شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے مکمل طور پر کھول دیا جائے۔ ضلعی پولیس نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ شاہراہ کی مکمل بحالی تک غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے اور مزید مشکلات سے محفوظ رہا جا سکے۔ دوسری جانب مسافروں اور ٹرانسپورٹرز نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ بحالی کا کام مزید تیز کیا جائے تاکہ تین روز سے پھنسے ہوئے مسافروں اور گاڑیوں کو اپنی منزلوں تک پہنچنے کا موقع مل سکے۔۔







