لاہور: الخدمت فاؤنڈیشن نے غزہ میں بے گھر ہونے والے فلسطینی خاندانوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے موسم سرما کا خصوصی امدادی پیکج تقسیم کرنا شروع کردیا ہے۔
صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کے مطابق غزہ میں حالیہ بارشوں، سیلاب اور شدید سردی نے پہلے سے مشکلات کا شکار بے گھر خاندانوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں 70 ہزار خیمے متاثر ہوئے جبکہ 26 ہزار خاندانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کو سردی سے محفوظ رکھنے کے لیے خیمے، ترپالیں، لحاف اور گرم کپڑے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ امدادی پیکج میں بچوں کے لیے دستانے، جوتے، جرابیں، گرم ٹوپیاں اور مفلر بھی شامل ہیں۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کے مطابق فلسطین میں الخدمت فاؤنڈیشن کی مجموعی امدادی سرگرمیوں پر اب تک 10 ارب 51 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں، جبکہ غزہ کے متاثرین کے لیے 7 ہزار 580 ٹن امدادی سامان بھیجا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امدادی سامان غزہ پہنچانے کے لیے 34 فضائی پروازوں، 4 بحری جہازوں اور 73 امدادی ٹرکوں کی خدمات حاصل کی گئیں۔
صدر الخدمت نے فلسطینی طلبہ کی تعلیمی معاونت سے متعلق بتایا کہ 634 طلبہ کو ماہانہ وظائف دیے جا رہے ہیں۔ قاہرہ میں قائم الخدمت اسکول میں 300 بچے زیر تعلیم ہیں، جبکہ غزہ میں بھی 2 اسکول کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن 2 ہزار 588 سے زائد فلسطینی یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ شہید یا شدید زخمی ہونے والے 540 ہیلتھ ورکرز کے خاندانوں کی مالی معاونت بھی جاری ہے۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کے مطابق غزہ ایجوکیٹ میڈکس پراجیکٹ کے تحت 2 ہزار 100 میڈیکل طلبہ کو تربیت فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ پاکستان سے میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنے والے 38 فلسطینی طلبہ اس وقت قاہرہ میں ہاؤس جاب کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ معذوری کا شکار 10 فلسطینی شہریوں کے لیے مصنوعی اعضا کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
صدر الخدمت فاؤنڈیشن نے عزم ظاہر کیا کہ غزہ میں جاری انسانی بحران کے دوران ادارہ اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد جاری رکھے گا اور انہیں تنہا نہیں چھوڑے گا۔







