پشاور میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اینٹی کرپشن سرکل پشاور نے ہائر ایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹی (ایچ ای آر اے) کے حکام کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے جعلی میڈیکل ڈگریاں جاری کرنے والے نیٹ ورک کا سراغ لگا کر ادارے کے سربراہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل پشاور کی ٹیم نے ایچ ای آر اے (HERA) کے حکام کے ہمراہ نشترآباد، ہشت نگری پشاور میں واقع "پختونخوا آلٹرنیٹو میڈیکل کونسل” کے دفتر پر چھاپہ مارا۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ مذکورہ کونسل مبینہ طور پر ایک جعلی اور غیر قانونی ادارہ تھا، جو خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی اور ملاکنڈ میں متعدد کالجز چلا رہا تھا۔
تفتیشی حکام کے مطابق ان غیر قانونی کالجز کے ذریعے طلبہ کو چار سالہ میڈیکل ڈاکٹر (MD) ڈگری پروگرامز میں داخلے دے کر جعلی ڈگریاں جاری کی جا رہی تھیں۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ کونسل اب تک تقریباً 75 طلبہ کو ایم ڈی (MD) کی ڈگریاں جاری کر چکی تھی۔
کارروائی کے دوران ایف آئی اے ٹیم نے کونسل کے چیئرمین حضرت علی ولد روح الامین کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے باقاعدہ انکوائری درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ معاملے کے تمام پہلوؤں، متعلقہ کالجز کی قانونی حیثیت، جاری کردہ ڈگریوں کی تصدیق اور اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کے کردار کا تعین کرنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ایف آئی اے حکام نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی تعلیمی اداروں کے قیام اور جعلی ڈگریوں کے اجرا کے ذریعے طلبہ کے مستقبل اور انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔







